چندمتفرّق ادوِیہ اور اُن کے فوائد
قرآن کریم :
اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام ِ مجید کو کتابِ ہدایت کے ساتھ ساتھ ایک بہترین شفاء حاصل کرنے کا ذریعہ بھی بنایا ہے ، اگرچہ یہ واضح رہنا چاہیئے کہ قرآن کریم کے نزول کا اصل مقصد قلب اور روح کی بیماریوں کو دور کرنا ہے ، جسمانی بیماریوں سے شفاء حاصل کرنا مقصود تو نہیں البتہ ضمنی طور پر اُس کے لئے بھی نسخہ اکسیر ہے ۔(معارف القرآن :4/543)
اللہ تعالیٰ نےکی کئی آیات میں قرآن کریم کو شفاء قرار دیا ہے ۔يَاأَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْكُمْ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّكُمْ وَشِفَاءٌ لِمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ.(یونس:57)وَنُنزلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ. (الاسراء:82)قُلْ هُوَ لِلَّذِينَ آمَنُوا هُدًى وَشِفَاءٌ.(حٰم السجدۃ:44)
نبی کریمﷺکا ارشاد ہے کہ بہترین دواء قرآن کریم ہے۔خَيْرُ الدَّوَاءِ الْقُرْآنُ.(ابن ماجہ :3501)
نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے کہ قرآن کریم اور شہد کے ذریعہ شفاء حاصل کرنے کو اپنے اوپر لازم کرلو۔عَنْ عَبْدِ اللَّهِ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:عَلَيْكُمْ بِالشِّفَاءَيْنِ: الْعَسَلِ، وَالْقُرْآنِ.(ابن ماجہ : 3452)
ایک شخص نبی کریمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ مجھے سینے کے درد کی شکایت ہے ، آپﷺنے ارشاد فرمایا:قرآن پاک پڑھو کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ قرآن سینوں کی بیماریوں کے لئے شفاء ہے ۔(ابن مردویہ ، بحوالہ فضائل حفاظ القرآن :835)
سورۃ الفاتحہ موت کے علاوہ سوا ہر بیماری سے شفاء ہے ۔(القرآن الشافی ، بحوالہ فضائل حفاظ القرآن :835)
حضرت ابو ہریرہ کی مرفوع حدیث ہے :سورہ البقرۃ کی آخری دو آیات قرآن کریم کا مخصوص حصہ ہیں ، جو شفاء بخشنے والی ہیں اور اللہ تعالیٰ اُنہیں محبوب رکھتے ہیں ۔(دیلمی ، بحوالہ فضائل حفاظ القرآن :839)