آنحضرتﷺ نے فرمایا: ’’سیکون فی امتی ثلثون دجالون کذابون کلہم یزعم انہ نبی اﷲ وانا خاتم النبیین لا نبی بعدی (مشکوٰۃ شریف)‘‘ {عنقریب میری امت میں تیس جھوٹے دجال پیدا ہوںگے۔ ہر ایک ان میں سے دعویٰ نبوت کرے گا۔ حالانکہ کہ میں آخری نبی ہوں اور میرے بعد کوئی نبی نہیں۔}
عرض مؤلف
عہد حاضر میں مرزاغلام احمد قادیانی اور اس کے متبعین، کبھی آنحضرتﷺ سے محبت اور کبھی خود کو مسلمان کہہ کر، کبھی مسلمانوں کے مختلف فرقوں کے اختلافات کا ذکرکر کے، کبھی عیسیٰ علیہ السلام کی وفات اور ان کے ابھی تک نزول نہ ہونے کا سہارا لے کر، کبھی چودھویں صدی کے آخر میں قیامت آنا یقینی ہے۔ ایسے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کر کے مسلمانوں کی نئی نسل کو دھوکا دے رہے ہیں۔ بالخصوص برطانیہ، امریکا اور دیگر افریقی اور یورپین ممالک میں مسلمانوں کے سادہ اور دین اسلام سے بے بہرہ نوجوانوں کو دام فریب میں پھنسانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔
راقم نے برطانیہ کے پہلے تبلیغی دورے میں شدت کے ساتھ اس ضرورت کو محسوس کیا کہ مسئلہ ختم نبوت کی اہمیت کو قرآن وحدیث، ائمہ اور اساطین امت کی تصریحات کی صورت میں مختصر اور جامع انداز میں زیب قرطاس کر کے انگریزی، فرانسیسی، عربی اور اردو کی زبانوں میں عام کیا جائے۔ ان ممالک میں جو نئی نسل مسلمانوں کے گھرانوں میں جنم لے رہی ہے۔ اکثریت کے والدین طویل عرصہ سے اپنے ممالک ہندوپاک سے ترک سکونت کے باعث خود بھی ان مسائل سے ناآشنا ہیں۔ جب کہ ان کی اولاد کو سرے سے ان حقائق کی ابجد سے بھی واقفیت نہیں۔
ضرورت ہے کہ خالص قرآن وحدیث کی زبان میں تیار ہونے والے اس مجموعہ کو اسلامی اقدار کے فروغ کی ایک کاوش سمجھ کر مسلمانوں کو چاہئے کہ اسے زیادہ سے زیادہ تعداد میں عام کر کے آنحضرتﷺ سے غلامی اور محبت کا ثبوت دیں۔ اس مجموعہ کی اردو، انگریزی، فرانسیسی، اور عربی ایڈیشنوں کی اشاعت کے لئے جن احباب نے تعاون کیا وہ پوری امت کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں۔
ابوریحان ضیاء الرحمن فاروقی
سمندری فیصل آباد