ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
اللہ ان سب خاندانوں کی برکت نصیب فرما اور قیامت میں ان بزرگوں کے ساتھ مجھے اٹھا آمین ۔ اب دعا کرو کہ خدا سیدھا راستہ چلائے خاتمہ ایمان پر ہو نیک عملوں کی توفیق ہو ۔ اس کے بعد حضرت نے ان صاحب سے جو واسطہ تھے فرمایا کہ انہیں سمجھا دیجئے گا ۔ مسائل میں بہشتی زیور پر عمل کریں اور جو کوئی نیا مسئلہ پیش آئے خط میں لکھ دیا کریں پتہ میرا لکھا کر اپنے پاس رکھ لیں ۔ پھر حضرت نے فرمایا اگر کچھ پڑھنے کا شوق ہوتو قرآن شریف پڑھا کریں یا سنا کریں ۔ تہجد میں پڑھ لیا کریں ۔ بعد عشاء چار رکعت یا آٹھ رکعت اور پانچوں نمازوں کے بعد یہ پڑھا کریں ۔ سبحان اللہ 33 بار الحمد للہ 33 بار لا الہ الا اللہ 33 بار اللہ اکبر 34 بار چلتے پھرتے استغفار کی کثرت رکھیں اگر پور استغفار یاد نہ ہوتو اتنا ہی پڑھ لیا کریں ۔ اور آگے یاد کرلیں ۔ دو ہفتہ بعد حالات کی اطلاع دیں تاکہ سلسلہ تعلیم کا جاری رہے ۔ بعض لوگ بیعت کے بعد خبر ہی نہیں لیتے اور جواب پوچھنا ہو پوچھ لیں ورنہ بعد میں بذریعہ خط کے فقط ۔ ( بہت سی مستورات بیعت ہویئں البتہ جن کے خاوند موجود نہ تھے اور انہوں نے بیعت کی درخواست کی تو حضرت نے فرمایا کہ بلا اجازت خاوند کے بیعت نہ ہونا چاہئے ہاں اگر قرائن سے اجازت معلوم ہو جائے تو خیر ورنہ کبھی آپس میں پھوٹ پڑ جاتی ہے حضرت بیعت فرما کر مکان پر تشریف لے آئے تھانہ بھون میں ایک صاحب کا خط ہمیر پور سے آیا تھا کہ جو مستورات حضرت سے بیعت ہوئی تھیں تھوڑے ہی عرصہ میں ان کی حالت کچھ سے کچھ ہو گئی اور ان کو بہت نفع ہوا دین کی طرف بہت توجہ ہوگئی اور لکھا تھا کہ ان کی حالت دیکھ کر دوسری مستورات کا رجحان آپ کی طرف ہو رہا ہے ۔ جامع ۔ سرمہ سنن عادیہ سے ہے واقعہ : ایک صاحب نے کہا کہ سرمہ مجھ کو موافق نہیں میں اس سنت سے محروم ہوں ۔ میری قسمت ۔ اس پر فرمایا : ارشاد : یہ سنت با معنی الاعم ہے یعنی عادات میں سے ہے عبادات میں سے نہیں سنت بالمعنی الاخص نہیں ۔ بیعت میں جلدی مناسب نہیں واقعہ : ایک صاحب نے کہا کہ میں غریب ہوں چار روپیہ کا نوکر مجھ کو بیعت کر لیجئے ۔ توبہ کرادیجئے