ہمارے حضرت رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ تعالیٰ نے اس عہد حاضر کا مجددوطریقت بنایا تھا اس لئے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ نے اس کی حقیقت کو سمجھا اور سارا خانقاہی طلسم توڑ دیا اور طریقت کے تمام اسرار کو علی الاعلان ظاہر فرمادیا اور ساری طریقت کو احکام شریعت ہی کی اتباع میں منحصر ہونا واضح فرمادیا اور چاروں سلسلوں میں جو مغائرت پیدا ہوئی تھی اور آپس میں رقابت اور غلط احساس فضیلت پیدا ہوگیا تھا اس کو رفع فرمادیا اور سب کا منبع ومرجع شریعت غراہی کے واحد مرکز پر قائم فرماکر حقیقت طریق کو مستند ومعتبر بنا دیا۔
ذالک فضل اللہ یوتیہ من یشاء
اللہ تعالیٰ حضرت ؒ کو ان کی مساعی جمیلہ وخدماتِ دین کو قبول ومشکور فرما کر اجرعظیم عطا فرمائیں اور اپنے مقامات قرب ورضا میں اعلیٰ درجات بالائے درجات عطا فرماکر ترقی پیہم عطا فرماویں آمین ثم آمین ۔۱؎
روحانی مطب جس سے ہر شخص امراض باطنہ کا علاج معلوم کرسکتا ہے
از حضرت مولانا ظفر احمد صاحب عثمانی ؒ
بعدالحمد والصلوٰۃ
تربیت السالک کا سلسلہ حضرت حکیم الامت قدس سرہ‘ کے تجدیدی کا رناموں میں سے بڑا کارنامہ ہے ، جس میں طالبین کے احوال کی تحقیق شریعت وطریقت کے اصول پر کی گئی ہے، حضرت ؒ کے متوسلین ومعتقدین کی تعداد بہت زیادہ ہے ہر شخص نے اپنے باطنی احوال تحریراً پیش کئے اور حضرت ؒ نے تحریر ہی سے ان کے جوابات دیئے اس طرح یہ طب روحانی کی قرابادین بن گئی جس سے ہر شخص امراض باطنہ کا علاج معلوم کرسکتا ہے۔۲؎
------------------------------
۱؎ مآثر حکیم الامت ص ۱۱۶،۱۳۵،۱۳۶،۱۵۲ تا ۱۵۵ ۲؎ تربیت السالک ص۶