تحقیق :درود شریف پڑھا کرو، اور میرا خیال کرلیا کرو اسی وقت کا خیال جب میں وعظ کہہ رہا تھا اور پھر حال سے اطلاع دو، اور یہ خط بھی ساتھ بھیجنا۔
اس جواب کے بعد پھر یہ خط آیا
جناب والا نے جو تجویز میرے لئے فرمائی ہے اس سے مجھ کو افاقہ ہوگیا، اب جوگی کبھی نظر نہیں پڑتا اور دہشت ۱؎ بھی نہیں معلوم ہوتی ۔ ہاں البتہ صرف سینہ پر کچھ گرمی محسوس ہوتی ہے حضور نے یہ لکھا تھا کہ جو حالت ہو اس کو مع میرے اس خط کے روانہ کرنا، لہذا اپنی حالت مع اس پہلے حظ کے ارسال خدمت ہے ۔ والسلام
پھر یہ جواب دیاگیا
افاقہ سے دل خوش ہوا، الحمد للہ، ابھی درود شریف اور تصور مرقوم خط ۲؎ سابق کا معمول جاری رکھو۔ اور گاجریں تراش کراس پر شکر چھڑک کر رات کو شبنم میں رکھ کر صبح ہی کھا لیاکرو، اور پھر اطلاع دو۔٭۱
شیخ کی خدمت میں ہدیہ خلوص
حال۔ کل بعد نماز جمعہ سے یہ دل چاہ رہا ہے کہ میں حضرت کی خدمت میں ایک پگڑی پیش کروں اور حضرت والا اسے اپنے سرمبارک پر باندھیں اور میں اپنی آنکھوں سے حضرت کے سرمبارک پر وہ پگڑی دیکھوں ، اس کی نسبت کیا ارشاد ہے اگر اجازت ہو تو پیش کروں ۔ یہ خیال خود بخود دفعۃً پیدا ہوگیا ہے۔ جو ارشاد ہوگا اس کے موافق تعمیل کروں گا۔
تحقیق۔ دوچارروز کے بعد اگر پھر تقاضا ہوتو بہت ہلکے داموں کی مضائقہ نہیں ۔ اور اگر تقاضا نہ رہے تو بتکلف نہ لایاجائے۔٭۲
------------------------------
۱؎ ڈرا ور خوف ۲؎ پہلے خط میں جوتصورلکھا تھا ۔ ٭۱تربیت السالک ص۵۱ ٭۲تربیت السالک ص۶۹