راہ خدا کا رہزن اور خطرناک حالت
حال: نامہ عالی شرف صدور لایا ۔ جوبات پہلے ذہن میں نہیں آئی تھی، اس کے مطالعہ سے ذہن نشین ہوگئی گو میں نے پہلے بھی مخالفت نہیں کی تھی ، لیکن واقعی اس طرح نہیں سمجھا تھا جیسا اب سمجھا بیشک یہ اصول ہمیشہ کے لئے ہمارے اچھے رہبر ہیں ، اب میں نے یہ قصد کرلیا ہے بلکہ شروع کردیا کہ بعد مغرب یا عشا یا خدا توفیق دیوے تو آخر شب میں پانچ سو مرتبہ نفی اثبات روزانہ جس طرح ممکن ہوگا کرلیا کروں گا اللہ تعالیٰ استقامت عطا فرمادے، چونکہ دماغ بہت ضعیف ہوگیا ہے اس لئے تعداد اسی قدر مقرر کی اور یہ بھی کہ نہ بالکل آہستہ اور نہ زیادہ جہر سے کہ کوئی دوسراجانے حتی الوسع خلوت میں اور ضرب خفیف حرکت کے ساتھ، اطلاعاً عرض ہے ۔ آئندہ جیسے ارشادہو۔
تحقیق: مجھ کو جس طرح اس مضمون کے اب ذہن نشین ہوجانے سے مسرت ہوئی اسی طرح اس کے ساتھ ہی اس کا تاسف ہوا کہ یہ طلب کیسی ہے کہ ملقن ۱؎ کے کلام کو ایسی بے پروائی وبے توجہی وبے وقعتی سے دیکھا جاتا ہے کہ وہ باوجود صاف ہونے کے ذہن نشین نہیں ہوتا ۔ تو ایسی حالت میں ملقن کا کیادل بڑھے گا۔ حضرت اس کا سبب اکثر یہ ہوتا ہے کہ طالب اپنے علم کو کافی سمجھے ہوئے ہوتا ہے اس لئے اس کے خلاف دوسری بات کی وقعت دل میں نہیں ہوتی اگر یہ ہے تو اس سے بڑھ کر راہ خدا کا کوئی رہزن ۲؎ نہیں ۔والسلام۳؎
------------------------------
۱؎ تلقین کرنے والا ۔ رہنمائی کرنیوالا ۲؎ ڈاکو ۳؎ تربیت السالک (ص۶۵ )الامداد بابت صفر ۳۶ھ