شیخ سے حسن ظن کا نافع ہونا
حال: اس سے پہلے کے یعنی کل کے عریضہ میں میں نے حضور کی خدمت میں عرض کیا تھا کہ حضور والا نے جوحسبنا اللّٰہ کا پڑھنا بلا تعداد بتلایا ہے تو مجھے خیال ہی نہیں رہتا بہت ہی کمی کے ساتھ کبھی کبھی جب یاد آجاتا ہے تو پڑھ لیتا ہوں ۔ اور ہنوز۱؎ وہ عریضہ حضور کی خدمت میں نہ پہونچا ہوگا کہ آج ہی بلا اختیار خود بخود قلب سے حسبنا اللّٰہ جاری ہوگیا جس کی کہ زبان نے بھی شرکت کی۔ اب سوا اس کے کہ یہ حضور کی کرامت سمجھی جاوے اور کیا ہوسکتا ہے۔
تحقیق: آپ کو یہ حسن ظن نافع ہوگا خواہ وجہ کچھ ہی ہو۔۲؎
سلسلہ امدد یہ کی امتیازی شان
حال:۔ دیگر عرض یہ ہے کہ بعض اوقات حقوق العباد کے بارے میں قلب پر اس قسم کا بوجھ پڑتاہے کہ یوں معلوم ہوتاہے کہ جان غم میں گھلی جاتی ہے جب تک کہ اس کا کچھ تدارک نہیں ہوتا ۔ چین نہیں آتا۔
تحقیق۔ مبارک ہو یہی حالت موافقہ للسنہ۳؎ مابہ الامتیاز ہے سلسلہ امدادیہ کا اور علامت ہے اس کے قبول کی ۔۴؎
------------------------------
۱؎ ابھی ۲؎ الامداد بابۃ ماہ رحب ۳۶ھ تربیت السالک۷۱
۳؎ یعنی سنت کے موافق ہونا امتیازی علامت ہے
۴؎ حصہ چہارم تربیت السالک ص۷۶