ہر شخص کی تربیت اس کی استعداد کے موافق ہوتی ہے
حال:افسو س دل کسی کام کا نہیں رہا۔ قویٰ۱؎ مضمحل۲؎ ہوچکے۔ سیاہ سفید ہونے کو آئے مگردل اسی طرح تیرہ وتاریک، اعمال میں غفلت ہے۔ اور طبعی فطری آزادی سونے پر سہاگہ کا کام دے رہی ہے۔ طبیعت ابتداء سے شورش پسند واقع ہوئی ہے ۔ نیک حالت ہو یا بد سب میں شورش کاامتزاج ہے۔ زمانہ پیری کا اگر چہ قریب آلگا ہے مگر حضرت جنون کی وحشت انگیز شورش روبہ ترقی ہے۔ کبھی کبھی ویسے ہی یاوعظ میں رقت ہوتی ہے ، آنکھیں ڈبڈبا آتی ہیں ، مگر اسی وقت یہ خیال آتا ہے کہ رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوتا۔
تحقیق: ہر شخص کی تربیت اس کی استعداد کے موافق ہوتی ہے اس کیفیت سے آپ کی تربیت ہورہی ہے ۔ خدا کا شکر کیجئے اور منتظر وہب۳؎ رہئے۔
حال: ان سب مرقومہ بالا احوال میں البتہ یہ بات باقی رہ گئی ہے کہ آپ سے دلبستگی۴؎ ہے اور آپ کی صور ت یکھنے سے نشاط سکون اور اطمینان ہوتا ہے۔
تحقیق: ہذا۵؎مفتاح السعادت و مصباح الہدایۃ انشاء اللہ تعالیٰ ۔ ۶؎
علاج میں اپنی طرف سے آسانی درخواست کرنا بے ادبی ہے
سوال: احقر بعارضہ ضعف دماغ علیل۷؎ہے تلاوت وذکر موقوف ہے۔ اللہ پاک کی یاد کرنے اور خصوص ذکر وتلاوت کے کرنے کو طبیعت بے حد چاہتی ہے ہمیشہ خیال ہوتا ہے کہ عمر بہت کم رہی ہے۔ قرب الٰہی کے طریقے حاصل کرکے عاقبت کی فکر کریں رضائے الٰہی حاصل ہو نجات کا سامان جمع کریں ۔ کوئی آسان یاد قیق طریقہ جس سے دماغی محنت نہ ہو مطلع فرمادیں ۔ آیندہ ہمیشہ مفصل معمولات وحالات پابندی سے لکھا کروں گا ۔ بچند وجوہ اب لکھ نہیں سکتا ۔
------------------------------
۱؎ اعضاء ۲؎ کمزور۳؎ حق تعالیٰ کی عنایت کا انتظار کیجئے۴؎ قلبی تعلق ۵؎ یہ بختی کی کنجی اورہدایت کا چراغ ہے۔
۶؎ تربیت السالک ص۵۰ ۷؎ بیمار