شیخ کامل کے اوصاف وعلامات
شیخ کامل وہ ہے جس میں یہ علامات ہوں ، جس شخص میں یہ علامتیں پائی جائیں وہ مقبول اورکامل ہے اس کے پاس جائیے اور اس کی صحبت سے مستفیض ہوئیے۔
(۱) بقدر ضرورت علم دین جانتاہو۔
(۲) دوسرے شریعت پر پوری طرح کاربند ہو (عامل ہو)اس کا عمل عقیدے اور عادتیں سب شریعت کے موافق ہوں ۔(یعنی )عقائد واعمال واخلاق میں شرع کا پابندہو۔
(۳) تیسرے اس میں یہ بات ہو کہ جس بات کو خود جانتانہ ہو علما سے رجوع کرتاہو۔
(۴) چوتھے دنیاکی حرص نہ رکھتاہو اور کامل ہونے کا دعویٰ نہ کرتاہو کیونکہ یہ بھی دنیا کی ایک شاخ ہے۔
(۵) کسی شیخ کامل کے پاس کچھ دنوں تک رہاہو۔
(۶) چھٹویں یہ کہ علماء سے اس کو وحشت نہ ہو۔
(۷) ساتویں یہ کہ اس میں روک ٹوک کی عادت ہو، مریدین اور متعلقین کو ان کی حالت پر نہ چھوڑدیتاہو،کوئی بری بات دیکھتا یا سنتاہو تو روک ٹوک کرتا ہو،یہ نہ ہوکہ ہر ایک کو اس کی مرضی پر چھوڑ دے ، اپنے مریدوں (اور ماتحتوں ) کی تعلیم وتربیت دل سے کرتاہو،مریدوں کے حال پر شفقت رکھتا ہو۔
(۸) آٹھویں خود بھی ذکر وشغل کرتاہو کیونکہ اس کے بغیر تعلیم میں فائدہ نہیں ہوتا، اور برکت نہیں ہوتی۔
(۹) نویں اس کی صحبت میں یہ برکت ہو کہ اس کے پاس بیٹھنے سے دنیا کی محبت کم ہوتی ہو اور اللہ کی محبت زیادہ معلوم ہوتی ہو۔