نہ کر عمر کی اک بھی ضائع گھڑی
کہ ٹوٹی لڑی جب کہ چھوٹی کڑی
گنوائے گا عاقل نہ بے کار دن
کہ انسان کی ہے زندگی چار دن
ہمیں آج زندگی کی فرصت میسر ہے ، جس طرح انسان سونے چاندی اور جواہرات کا استعمال کرتا ہےاسی طرح زندگی کے لمحات بھی استعمال کیجئے، کسی چیز کو خریدنے کے لئے انسان سو روپئے کی جگہ دو سو روپئے خرچ نہیں کر دیتا، بلکہ دس روپئے بھی زائد دینے کے لئے تیار نہیں ہوتا، ہزاروں کی قیمت کی کوئی چیز خریدلیتا ہے لیکن اس میں بھی سو روپئے بچانے کی فکر کرتا ہے، اور بیچنے والے شخص سے سو روپئے کم قیمت لگانے کی ضد کرتا رہتا ہے، آپ وقت کو اسی طرح استعمال کیجئے، جو کام آپ کے دس منٹ مانگ رہا ہو اس کو دس منٹ ہی دیجئے، دس منٹ کا کام بیس منٹ میں پورا کرنے سے وقت کا نقصان ہوجائے گا، پھر بچا ہوا وقت کسی مفید و کارآمد مشغولی میں لگائیے۔
فقط ذوق پرواز ہے زندگی
زندگی جہد مسلسل اور جوستجوئے منزل کا نام ہے، تقاضائے خود افزائی اور احساس سود وزیاں سے عبارت ہے، سوز جگر، آرزوئے نشو و نما اور مستیٔ کرادر ہی زندگی کی حقیقت ہے، حرارت و حرکت زندگی کی علامت ہے، علامہ اقبال کا سحر آفرین اور مست کردینے والا کلام ملاحظہ کیجئے؛
فریب نظر ہے سکون و ثبات
تڑپتاہے ہر ذرۂ کائنات
ٹھہرتا نہیں کاروان وجود
کہ ہر لحظہ ہے تازہ شان وجود
سمجھتا ہے تو راز ہے زندگی
فقط ذوق پرواز ہے زندگی
سفر زندگی کے لئے برگ و ساز
سفر ہے حقیقت حضر ہے مجاز
اگر ذوق سفر اور سوز جگر نہیں تو محض رگوں میں گردش خوں سے کیا حاصل؟
ہر ایک مقام سے آگے مقام ہے تیرا
حیات ذوق سفر کے سوا کچھ اور نہیں