لائے نفی جنس کے اسم وخبر کا بیان
لائے نفی جنس وہ لا ہے جو نکرہ پر داخل ہو کر پوری جنس کی نفی کرتا ہے۔ جیسے: لا ساکنَ في الدار (گھر میں کوئی رہنے والا نہیں)۔ یہ لا بھی جملہ اسمیہ پر داخل ہوتا ہے اور مبتدا کو اپنا اسم اور خبر کو اپنی خبر بنا لیتا ہے اور حروف مشبہ بالفعل جیسا عمل کرتا ہے یعنی اسم کو نصب اور خبر کو رفع دیتا ہے۔ اور اس کا اسم اکثر مضاف یا مشابہ مضاف ہوتا ہے۔ جیسے: لَا صَاحبَ جُوْدٍ مَمْقُوْتٌ (کوئی سخی مبغوض نہیں)، لَا طَالعًا جَبَلاً حَاضِرٌ (کوئی کوہ پیما موجود نہیں)۔
قاعدہ: جب لائے نفی جنس کا اسم نکرہ مفرد ہو یعنی مضاف یا مشابہ مضاف نہ ہو تو فتحہ پر مبنی ہوتا ہے۔ جیسے: لَا سَاکِنَ فِي الدَّارِ۔
قاعدہ: اگر لا کا اسم معرفہ ہو تو لا کو دوسرے معرفہ کے ساتھ مکرر لانا ضروری ہے اور اس وقت لا، لیس کے مشابہ ہوتا ہے اور اس کا اسم مرفوع ہوتا ہے۔ جیسے: لَا زَیْدٌ فِي الدَّارِ وَلَا عَمرٌو۔
افعال مقاربہ کے اسم وخبر کا بیان
افعال مقاربہ وہ افعال ہیں جو ان کے اسم سے خبر کے قریب ہونے کو بتلاتے ہیں۔ جیسے: عَسیٰ زَیْدٌ أَنْ یَّخْرُجَ (قریب ہے کہ زید نکلے)۔ یہ سات افعال ہیں: عَسیٰ، کَادَ، کَرَبَ، أَوْشَکَ، طَفِقَ، جَعَلَ اور أَخَذَ یہ اسم کو رفع اور خبر کو نصب دیتے ہیں اور ان کی خبر ہمیشہ فعل مضارع ہوتی ہے۔
۱۔ عَسیٰ امید کے لیے ہے۔ جیسے: عَسیَ1 اللّٰہُ أنْ یَّأْتِيَ بِالْفَتْحِ (امید ہے کہ اللہ فتح لے