حرفے چند
یہ ’’آسان نحو‘‘ کا دوسرا حصہ ہے، پہلا حصہ اگر بچوں نے مضبوط کرلیا ہوگا تو وہ فن کی ضروری اصطلاحات سے واقف ہو چکے ہوں گے اور وہ یہ حصہ بہت آسانی سے پڑھیں گے۔ اس حصہ میں حصۂ اول کے مضامین کا اعادہ کرکے مزید ضروری باتیں بیان کی گئی ہیں اور بہت کچھ عربی کتابوں کے لیے چھوڑدیا گیا ہے۔ حصۂ دوم کے بعد ’’شرح مائۃ عامل‘‘ یا اس معیار کی کوئی اور کتاب شروع کرائی جا سکتی ہے۔ اس حصہ میں بھی اسباق کی مقدار معتدل رکھی گئی ہے، بعض اسباق جو لمبے نظر آتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں حصۂ اول کے مضامین کا اعادہ ہے جو بچوں کا یاد کیا ہوا مواد ہے، تاہم اگر استاذ صاحب مناسب خیال کریں تو اسباق کی مقدار کم وبیش کر سکتے ہیں۔
کتاب پڑھاتے ہوئے تین باتیں ملحوظ رکھی جائیں۔
۱۔ کتاب میں جو مشقی سوالات ہیں ان کا خاص طور پر اہتمام کیا جائے۔
۲۔ فن نحو میں دَرْک پیدا کرنے کے لیے قواعد کا اجرا ضروری ہے لہٰذا طلبہ سے عربی جملوں کی ترکیب کرائی جائے۔
۳۔ دورانِ ترکیب خواندہ قواعد بار بار پوچھے جائیں تاکہ قواعد ذہن نشین ہوجائیں۔
آخر میں دست بہ دعا ہوں کہ پروردگار عالم اس معمولی محنت کو قبول فرمائیں اور نونہالوں کو اس سے فیض یاب فرمائیں۔ (آمین)