اسم ظرف کا بیان
اسمِ ظرف وہ اسم ہے جو کام کے زمانہ پر یا جگہ پر دلالت کرے۔ ظرف کی دو قسمیں ہیں: ظرفِ زمان اور ظرفِ مکان۔
چند ظرفِ زمان: إِذْ (جب)، إِذَا (جب)، مَتیٰ (جب)، أَیَّانَ (کب)، أَمْسِ (گزشتہ کل)، مُذْمُنْذُ (سے)، قَبْلُ (پہلے)، بَعْدُ (بعد میں)، قَطُّ (کبھی نہیں)۔ جیسے: مَا ضَربْتُہٗ قَطُّ (میں نے اس کو کبھی نہیں مارا)۔
چند ظرفِ مکان: حَیْثُ (جہاں)، أَیْنَ (کہاں)، عِنْدَ (پاس)، لَدٰی (پاس)، لَدُنْ (پاس)، قُدَّامَ (آگے)، خَلْفَ (پیچھے)، تَحْتَ (نیچے)، فَوْقَ (اوپر)۔
اسم کنایہ کا بیان
اسم کنایہ وہ اسم ہے جس سے کسی مبہم چیز کو تعبیر کیا جائے۔ یہ چار لفظ ہیں:
کَمْ (کتنا) ، کَذَا (اتنا)، کَیْتَ (ایسا)، ذَیْتَ (ایسا)۔
اوّل دو مبہم عدد کے لیے ہیں اور آخری دو مبہم بات کے لیے ہیں۔ جیسے : کَمْ دِرْہَمًا عِنْدَکَ؟ (آپ کے پاس کتنے روپے ہیں؟)۔ قَبَضْتُ کَذَا وکَذَا دِرْہَمًا (میں نے اتنے اور اتنے روپے وصول کیے)۔ قَالَ فُلَانٌ کَیْتَ وَکَیْتَ / ذَیْتَ وَذَیْتَ (فلاں نے ایسا ایسا کہا)۔
کَمْ کی دو قسمیں ہیں خبریہ اور استفہامیہ۔
۱۔ کم خبریہ عدد کی خبر دیتا ہے، اور اس کے معنی ہیں (بہت)۔ جیسے: {کَمْ مِّنْ قَرْیَۃٍ اَہْلَکْنٰہَا} (بہت سی بستیاں ہیں جن کو ہم نے ہلاک کر دیا)۔