ماہنامہ الحق مارچ اپریل مئی 2014ء |
امعہ دا |
|
٭ خلیق اور متواضع انسان …… بریگیڈئر(ر)قاری فیوض الرحمن مجھے مولانا ایاز حقانی صاحب سے یہ معلوم کرکے کہ آپ کے عظیم ادارے کے ایک ممتاز مدرس عالم دین اردو،پشتو،فارسی اور عربی کے ادیب،مصنف اور شاعر ۲۶فروری ۲۰۱۴ء کو انتقال فرماگئے انتہائی دکھ ہوا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔کو ن کس سے تعزیت کرے؟ اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرماکر جنت الفردوس کے اعلیٰ درجات میں جگہ دیں ،ان کے اعزہ ،پس ماندگان ،آل اولاد ،احباب اور تمام متعلقین کو صبر ِ جمیل پر اجر جزیل عطافرمائیں ۔اٰمین … انکی معصومانہ اور پیاری صورت اسی طرح آنکھوں کے سامنے ہے ۔جب پہلی بار دارالعلوم حقانیہ میں ان سے ان کے والد گرامی حضرت مولانا عبدالحلیم صاحب صدر مدرس کے کمرہ میں ملاقات ہوئی اس وقت وہ طالب علم تھے اور خدمت میں لگے رہے پھر اس کے بعد جب وہاں تدریس پہ مامور ہوئے تو بھی ملاقاتیں ہوتی رہیں ۔ایک بار ڈیوٹی پہ پنجاب سینٹر مردان جاتے ہوئے دارالعلوم میں نماز کے لئے رُ کا اور نما ز کے بعد سیدھا ان کے مکان پہ چلاگیا دیکھ کر حیران بھی ہوئے اور انتہائی خوش بھی ہوئے ۔بڑے خلیق اور متواضع تھے۔اللہ تعالیٰ نے انہیں دل ودماغ کی گوناگوں صفات سے نوازاتھا ۔ فراغتِ علوم کے بعدزندگی اپنی مادرِعلمی کے لئے وقف کردی اور اپنے پیچھے ہزاروں تلامذہ وعلماء بطور صدقہ جاریہ چھوڑے ۔اللہ تعالیٰ ان کی تمام نیکیوں کو اپنے دربار میں قبول فرمائے اور انکی اولاد کو اپنے والدکا اُسی طرح جانشین بنائے جیسے انہیں اپنے والد ِگرامی حضرت مولانا عبدالحلیم صاحب صدر مدرس کا جانشین بنا یا تھا ۔ ……… (مولانا) فیوض الرحمن ،کراچی ٭ مقبولیت و محبوبیت کیلئے دارالعلوم کا استاد ہونا کافی ہے ……مولانا محمد ادریس احقر دارالعلوم حقانیہ کے فیض یافتگان میں سے ہے زندگی بھر وہ برکات اور روحانیت ‘ سادگی اور مشن سے تعلق،اخلاص وللہیت ‘ حتیٰ کہ دارالعلوم کا لنگر و مطبخ تک نہ بھول سکوں گا۔پڑھنے سے قبل دارالعلوم سے قلبی تعلق حضرت شیخ التفسیر والحدیث مولانا عبدالسلام حضرو ؒ کی وجہ سے بن چکا تھا۔ حضرت اکثر آپ کا ذکر خیر فرماتے تھے۔ شکر ہے باری تعالیٰ کہ پھر تخصص کی توفیق دارالعلوم میں ملی۔… آج کے روزنامہ ’’اسلام‘‘ مطالعہ کرنے سے پتہ چلا کہ علامہ مولانا محمد ابراہیم فانی صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ رحمۃ واسعۃ اللہ کو پیارے ہوگئے۔ اللہ ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ انکی قدرومنزلت ‘عظمت شان او رعنداللہ ان کی مقبولیت ومحبوبیت کیلئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک کے استاد تھے۔ماشاء اللہ کتنے ہی بلند پایہ نگینے دارالعلوم کے انگشتری کمال پرجمائے گئے۔انگلینڈ میں جامعہ عربیہ اشاعت القرآن حضرو کے فضلاء آپ سب حضرات سے مولانا فانی رحمہ اللہ کے عظیم سانحے پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ دارالعلوم آباد وشاد رہے‘ چشمہ علوم نبوت جاری وساری رہے۔ (مولانا) محمد ادریس ، خطیب بیت المکرم مسجد ‘ ہزلنگڈن انگلینڈ