بسم اﷲ الرحمن الرحیم
دوباتیں
عرصہ سے خیال تھا کہ سورۂ حجرات کی روشنی میں معاشرہ کی اصلاح کا دستورالعمل پیش کیا جائے، جب استاذ محترم مولانا نذرالحفیط ندوی صاحب نے ’’تعمیرحیات‘‘ میں سلسلہ وارکچھ لکھنے کا حکم فرمایا تو اسی مضمون کی طرف ذہن گیا اور ایک ایک آیت پر مضامین کا سلسلہ شروع کیا گیا، اللہ کا شکر ہے کہ وہ تکمیل کو پہنچا تو مستقل رسالہ کی شکل میں عمومی فائدہ کے لیے اس کی اشاعت مناسب معلوم ہوئی، بس وہی مضامین ناظرین کی خدمت میں پیش ہیں ، جو کچھ مفید باتیں سامنے آئیں وہ محض اللہ کی توفیق سے ہیں اور جو غلطیاں دیکھیں جائیں وہ راقم سطور کی طرف محول کی جائیں ۔
راقم اپنے محسن و مربی عم محترم و معظم حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم کا ممنون ہے کہ مشغولیت کے باوجود حضرت نے بیش قیمت مقدمہ تحریر فرمایا، جس سے رسالہ کی قدروقیمت میں اضافہ ہوا۔
اپنے ان دوستوں اور عزیزوں کا بھی شکریہ ادا کیا جاتا ہے جنھوں نے رسالہ کی اشاعت کے لیے محنت کی، خاص طور پر عزیزی مولوی محمد اسحق ندوی اور عزیزی مولوی محمد عمر عثمان ندوی شکریہ کے مستحق ہیں جنھوں بڑی دلچسپی سے پروف کی تصحیح اور تخریج کا کام پورا کیا اور عزیزالقدر مولوی محمد نفیس خاں ندوی نے ہمیشہ کی طرح اس کی طباعت و اشاعت اپنے ذمہ لی۔