دعوت و تبلیغ کی اہمیت و ضرورت اور اس کے مقاصد |
ww.alislahonlin |
|
تقریظ حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمٰن صاحب الاعظمی (مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء،لکھنؤ) الحمد للہ رب العالمین،والصلاۃ والسلام علی سید الأنبیاء وامام المرسلین،محمد وعلی آلہ وصحبہ اجمعین۔ اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ علی صاحبہا الف الف تحیۃ وسلام کو امت دعوت بنایا ہے، اور (إنَّ أمَّتَکُمْ أمَّۃً وَّاحِدَۃٌ) فرماکر اسے امت واحدۃ قرار دیا ہے، اور عالم بشری کی قیادت اس امت کو عطا فرمائی گئی، اور اس کو خیر امت کا لقب دے کر تمام انسانوں کی رہنمائی کا فریضہ انجام دینے کے لئے مبعوث کیا گیا، کُنْتُمْ خَیْرَ أمَّۃٍ أخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَتُؤمِنُوْنَ بِاللّٰہِ۔(سورہ آل عمران:۱۱۰) ترجمہ: تم بہترین امت ہو، جو لوگوں کے لئے نکالی گئی ہو، تم نیکی کا حکم کرتے ہو، برائی سے روکتے ہو، اور اللہ پر ایمان لاتے ہو۔ یہ ساری فضیلتیں اور عظمتیں حضور پاک رسول اللہ ﷺ کے متبعین کے لئے اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام اور دائمی تحفہ ہے، آپﷺ خاتم النبیین ہیں ، آپ کے پہلے جن انبیائے کرام کی بعثت ہوئی، وہ کسی خاص قوم یا طبقہ کے لئے ہوئی تھی، اور محدود وقفے کے لئے، اللہ تعالیٰ نے یہ آسمانی نظام ان کے لئے اتارا تھا، لیکن ہمارے حضور پاکﷺ آخری نبی تھے، آپ کی امت بھی آخری امت ہے، اور دین اسلام مکمل اور آخری دین ہے، جو حضور پاکﷺ کے ذریعہ اس عالم انسانیت کے لئے ایک دائمی اور تاقیامت باقی رہنے والا نظام بناکر اس کو اپنانے اور اس کی روشنی میں کمال اتباع اختیار کرکے زندگی گزارنے کا حکم