حج کے فرائض
حج کے فرائض ۳؍ ہیں : (۱) احرام باندھنا (۲) ۹؍ذی الحجہ کو زوال کے وقت سے ۱۰؍ ذی الحجہ کی صبح صادق تک عرفات میں کسی وقت قیام کرنا (۳) طوافِ زیارت کرنا۔
حج کے واجبات
واجباتِ حج چھ ہیں : (۱) وقوفِ مزدلفہ (جس کا وقت ذی الحجہ کی دسویں تاریخ کی صبح صادق سے طلوعِ آفتاب کے درمیان ہے) (۲) صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنا (۳) رمی جمار کرنا (۴) قارن ومتمتع کودم شکر دینا (۵) حلق یا قصر کرانا (۶) آفاقی کو طواف وداع کرنا۔
حج کی قسمیں
حج کی قسمیں ۳؍ہیں :
(۱) حج افراد: اس میں میقات سے صرف حج کا احرام باندھا جاتا ہے، اور ارکانِ حج کی ادائیگی کے بعد ہی احرام کھلتا ہے، اور حج کے بعد عمرہ کرنے سے افراد پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
(۲) حج تمتع:اس میں آفاقی (باہر سے آنے والا) شخص اشہر حج میں اپنی میقات سے صرف عمرہ کا احرام باندھتا ہے، اور عمرہ کرکے احرام کھول دیتا ہے، پھر اسی سفر میں حج کا احرام الگ سے باندھ کر حج کرتا ہے۔
(۳) حج قران: اس کا مطلب یہ ہے کہ آفاقی شخص حج کے مہینوں میں ایک ساتھ حقیقۃً یا حکماً عمرہ وحج کے احرام کی نیت کرے اور مکہ معظمہ آکر عمرہ کرنے کے بعد احرام ہی کی حالت میں رہے، اور حج کے مناسک کی ادائیگی کے بعد حلال ہو۔
ان میں افضل حج قران ہے، پھر حج تمتع، پھر حج افراد ہے، سہولت حج تمتع میں ہے۔