نماز کے فرائض
نماز کے فرائض چھ ہیں : (۱) تحریمہ: کلماتِ ذکر (جیسے اللہ اکبر) سے نماز شروع کرنا (۲) قیام: فرض، واجب اور نذر کی نمازوں میں کھڑا ہونا (۳) قرأت: یعنی فرض نماز کی دو رکعتوں اور سنن، نوافل اور وتر کی ہرکعت میں قرآن کریم کی کوئی آیت پڑھنا (۴) رکوع کرنا (۵) سجدہ کرنا (۶) تشہد پڑھنے کے بقدر قعدۂ اخیرہ میں بیٹھنا۔
نوٹ: واضح رہے کہ ان میں سے اگر کوئی رکن چھوٹ جائے تو نماز ادا نہ ہوگی؛ بلکہ دوبارہ پڑھنا ضروری ہے۔
نماز کے واجبات
نماز کے واجبات چودہ ہیں : (۱) فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں کو قرأت کے لئے مقرر کرنا (۲) فرض نمازوں کی تیسری اور چوتھی رکعت کے علاوہ تمام نمازوں کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ پڑھنا (۳) فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں ، واجب،سنت اور نفل نمازوں کی تمام رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد کوئی سورت یا ایک بڑی آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھنا (۴) سورۂ فاتحہ کو سورت سے پہلے پڑھنا (۵) قرأت، رکوع، سجدوں اور رکعتوں میں ترتیب قائم رکھنا (۶) قومہ کرنا، یعنی رکوع سے اٹھ کر سیدھا کھڑا ہونا (۷) جلسہ، یعنی دونوں سجدوں کے درمیان میں سیدھا بیٹھ جانا (۸) تعدیلِ ارکان یعنی رکوع، سجدہ وغیرہ کو اطمینان سے اچھی طرح ادا کرنا (۹) قعدۂ اولیٰ،یعنی تین اور چار رکعت والی نماز میں دو رکعتوں کے بعد تشہد کی مقدار بیٹھنا (۱۰) دونوں قعدوں میں تشہد پڑھنا (۱۱) امام کو نمازِ فجر، مغرب، عشاء، جمعہ، عیدین، تراویح اور رمضان کے وتروں میں آواز سے قرأت کرنا، اور ظہر، عصر وغیرہ کی نمازوں میں آہستہ پڑھنا (۱۲) لفظ سلام کے ساتھ نماز سے علیحدہ ہونا (۱۳) نماز وتر میں قنوت کے لئے تکبیر کہنا اور دعائے قنوت پڑھنا (۱۴) دونوں عیدوں کی نماز میں زائد تکبیریں کہنا۔