عقیدہ (۵): اللہ تعالیٰ ہی گناہوں کو بخشنے والا ہے، توبہ قبول کرنے والا ہے، روزی پہنچانے والا ہے، جس کی روزی چاہے تنگ کردے، جس کی چاہے بڑھادے، جس کو چاہے عزت دے، جس کو چاہے ذلت دے، دعا کا قبول کرنے والا ہے، سب کا کام بنانے والا ہے، سب آفتوں سے بچانے والا ہے، زندگی اور موت دینے والا ہے۔
عقیدہ (۶): اللہ تعالیٰ کو کبھی موت نہ آئے گی، آسمان اور زمین میں کوئی ذرّہ اس کے علم سے چھپا ہوا نہیں ، کوئی چیز اس کی قدرت سے باہر نہیں ، نہ وہ سوتا ہے نہ اونگھتا ہے، وہ تمام عالم کی حفاظت سے تھکتا نہیں ، نہ اس کی کوئی ابتداء ہے نہ انتہاء ہے، اس میں کوئی عیب اور برائی کی صفت نہیں ہے۔
عقیدہ (۷): اللہ تعالیٰ ایسا ہے کہ کوئی اس کے سوا پوجنے کے قابل نہیں ، اس کا ساجھی نہیں ، کوئی اس کے برابر اور مقابل کا نہیں ، کوئی اس کا مددگار نہیں ، نہ اس کا باپ ہے نہ بیٹا نہ بیٹی نہ بیوی، وہ اِن تمام رشتوں سے پاک ہے، اس کو کسی نے پیدا نہیں کیا، نہ وہ بھولتا ہے اور نہ غلطی کرتا ہے، وہ ظلم اور زیادتی نہیں کرتا اور وعدہ کے خلاف نہیں کرتا۔
عقیدہ (۸): اللہ تعالیٰ کو جتنی باتوں اور جتنی چیزوں کا علم ہے، ان کو کوئی بھی اپنے گھیرے میں نہیں لے سکتا ہے، اور وہ سب چیزوں کو اپنے گھیرے میں لئے ہوئے ہے، اور وہ اپنے نبیوں اور رسولوں کو تمام احکامِ دینیہ اور جس قدر علم چاہتا ہے عطا فرمادیتا ہے۔
عقیدہ (۹): اللہ تعالیٰ جو کچھ کرتا ہے کوئی اس سے پوچھ گچھ کرنے والا نہیں ، نہ ہی کوئی اس کے فیصلہ کو رد کرنے والا ہے اور وہ سب سے باز پرس کرنے والا ہے۔
فرشتوں سے متعلق عقیدے
عقیدہ (۱): اللہ تعالیٰ نے کچھ مخلوقات نور سے پیدا کرکے ان کو ہماری نظروں سے چھپادیا ہے، ان کو ’’ملائکہ‘‘ اور ’’فرشتے‘‘ کہتے ہیں ، وہ نہ مرد ہیں نہ عورت۔