سیرتِ نبویہ
خاندان ونسب
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام ’’محمد‘‘ اور ’’احمد‘‘ ہے، آپ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں ، آپ عرب کے خاندانِ قریش کی سب سے باعزت شاخ ’’بنی ہاشم‘‘ سے تعلق رکھتے ہیں ، آپ کے نسب کا پہلا حصہ اس طرح ہے:
محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوئی بن غالب بن فہر بن مالک بن نضر بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد گرامی جناب عبد اللہ ہیں ، جو جناب عبد المطلب کے صاحب زادے تھے، ان کی وفات آپ کی پیدائش سے ۵؍ماہ قبل ہوگئی تھی، آپ کی والدہ حضرت آمنہ بنت وہب بن عبد مناف بن زہرہ بن کلاب ہیں ، آپ کی عمر ۶؍سال تھی کہ والدہ کا انتقال ہوگیا، آپ کے دادا جناب عبدالمطلب ہیں ، آپ کی عمر ۸؍سال تھی کہ دادا کی وفات ہوگئی، آپ کے چچا جناب ابوطالب ہیں ، آپ کی عمر ۵۰؍سال تھی کہ چچا اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
ولادت اور اسم گرامی
آپ کی پیدائش مکۃ المکرمہ میں عام الفیل میں (ہاتھیوں کے سال یعنی جس سال ابرہہ ہاتھیوں کے لشکر کے ساتھ خانۂ کعبہ کو ڈھانے آیا تھا اور ناکام ہوا تھا، اس واقعہ کے