نماز سے متعلق ضروری باتیں
توحید ورسالت کی گواہی اور اقرار کے بعد اسلام کا دوسرا سب سے اہم رکن نماز ہے، نماز اس خاص طریقے سے اللہ کی عبادت کا نام ہے جو طریقہ اللہ نے اپنے پیغمبر علیہ السلام کو بتایا، پھر آپ نے امت کو سکھایا ہے، ہر عاقل بالغ مسلمان مرد وعورت پر پانچ وقت کی نمازیں (فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء) فرض عین ہیں ۔
فرض عین اس فرض کو کہتے ہیں جس کی ادائیگی ہر مسلمان پر الگ الگ ضروری ہے، یہ نمازیں معراج میں فرض کی گئی ہیں ، ان پانچوں فرض نمازوں کی جماعت کے لئے اذان بھی ضروری ہے۔
نماز کی ترکیب
نماز پڑھنے کے لئے وضو کرکے قبلہ کی طرف رُخ کرکے سیدھے کھڑے ہوجائیں ، اور جو نماز پڑھنی ہو، دل میں اس کی نیت کرلیں ، جیسے فجر یا ظہر کی نماز پڑھ رہا ہوں ۔ یہ نیت زبان سے کہنا بھی بہتر ہے۔
نیت کرنے کے بعد دونوں ہاتھ دونوں کانوں کی لو تک ا ٹھاکر تکبیرِ تحریمہ (یعنی اللہ اکبر) کہہ کر دونوں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لیں ۔ پھر:
ثنا: یعنی سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالیٰ جَدُّکَ وَلَآ اِلٰہَ غَیْرُکَ پڑھیں ۔
پھر تعوّذ : یعنی اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ پڑھیں ۔