ضروری دینی عقیدے
عقیدہ سے مراد
دین کی وہ اصولی اور ضروری باتیں جن کا جاننا اور دل سے ان پر یقین کرنا ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے۔
اللہ اور اس کی صفات سے متعلق عقیدے
عقیدہ (۱):ـ اللہ ایک ہے اور یکتا ہے، اللہ بے نیاز ہے وہ کسی کا محتاج نہیں ، اور سب اس کے محتاج ہیں ، نہ اس نے کسی کو جنا اور نہ وہ کسی سے جنا گیا، اور کوئی اس کے برابر نہیں ۔
عقیدہ (۲): اللہ تعالیٰ زندہ ہے، وہ ہر چیز کو جانتا ہے، ہر چیز پر اس کو قدرت ہے، وہ سب کچھ دیکھتا ہے، سنتا ہے، کلام فرماتا ہے، وہ جو چاہتاہے کرتا ہے اور ہر چیز کو وہی وجود دینے والا ہے۔
عقیدہ (۳): اللہ تعالیٰ ہی نے آسمان، چاند، سورج، ستارے، زمین، دریا، پہاڑ، درخت، جانور، جنات، انسان اور فرشتے غرض تمام چیزوں کو پیدا کیا، پہلے کچھ نہ تھا، اسی کے پیدا کرنے سے تمام دنیا موجود ہوئی، وہی سب کا پالنے والا اور سب کا مالک ہے، وہی سب کو سنبھالے ہوئے ہے۔
عقیدہ (۴): اللہ تعالیٰ ہی عبادت اور پوجنے کے لائق ہے، اپنے بندوں پر مہربان ہے، بادشاہ ہے، عزت والا ہے، بڑائی والا ہے، قوت وطاقت والا ہے، حکمت والا ہے، ہدایت دینے والا ہے، نیکیوں کی قدر کرنے والا ہے، انعام دینے والا ہے، سزا دینے والا ہے اور انصاف والا ہے۔