ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
|
میرے رنگ طبیعت کو بخوبی ظاہر کر رہی ہے ؎ کیا کہوں دل کا کسی سے قصہ آوارگی کوئی بھی بے ربط ہوتی ہے کہانی اس قدر مگر الحمدللہ ؎ گرچہ من تلاش و گر دیوانہ ایم مست آں ساقی و آں پیمانہ ایم حق تعالی بہ برکت سلسلہ اشرفی اس آوارہ و ناکارہ کے متوحش قلب کو اپنے ساتھ وابستہ فرما کر اچھے ٹھکانے لگا دے ـ آمین ـ وما ذلک علی اللہ بعزیز ؎ باکریماں کا رہا و دشوار نیست ؎ گرچہ میں نالائق دربار ہوں پر اسی گلشن سے ہوں گو خار ہوں ؎ بلبل ہمیں کہ قافیہ گل شود بس است اکثر مکر رات کا منشا جدت عنوان ہے لیکن بعض جگہ یاد کی بھی غلطی ہے ـ کچھ حصہ احقر کے قلم بند کئے ہوئے ملفوظات کا دعوات عبدیت جلد سوم میں شائع ہو چکا ہے ـ اس کو بھی اس مجموعہ میں شامل کر دیا گیا ہے اور امتیاز کے لئے اس کا ایک خاص عنوان بھی مقرر کر دیا گیا ہے ، یعنی ملفوظات منقولہ اور دعوات عبدیت جلد سوم ، نیز علاوہ ان خطوط کے جو تربیۃ السالک میں نقل کئے جاتے ہیں روزہ مرہ کی ڈاک میں ایسے خطوط بھی ہوتے ہیں جن کے جواب میں کوئی مفید مضمون متعلق اصلاح ظاہر یا باطن کے ہوتا ہے یا کوئی عمل یا تعویذ وغیرہ ہوتا ہے ـ ان کا خلاصہ مضمون بھی معہ جواب کے روز کے روز نقل کرتا جاتا ہوں ـ یہ مجموعہ بھی مکتوبات کے عنوان سے " حسن العزیز ،، کا جزو قرار دے دیا گیا ہے ـ چونکہ پیشتر مختلط طور سے ان مکتوبات کو " حسن العزیز میں شامل کرنے کا خیال تھا ، اس لئے بعض خطوط مجموعہ مکتوبات سے علیحدہ ملفوظات میں بھی موجود ملیں گے ـ ملفوظات اس کثرت سے اور اس قدر شرح و بسط کے ساتھ زبان فیض ترجمان سے صادر ہوتے رہتے ہیں کہ ان سب کا احاطہ امکان سے باہر ہے ؎ دامان نگہ تنگ و گل حسن تو بسیار گلچیں بہار تو زد اماں گلہ دارد بالخصوص اس حالت میں کہ دو گھنٹے روز کے اوسط سے بھی کم وقت اس کام کے لئے بھی