ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
حضرت نے خاص طور سے بزمانہ تصنیف کلید مثںوی اٹاوہ سے منگوائی اور جس روز آئی اسی روز دیکھنے کے بعد واپس فرما دی ـ فرمایا کہ دیکھئے آٹھ آنہ پیسے خرچ ہوئے ہیں ـ آج ہی واپس کر رہا ہوں ، کوئی تصنیف کی قدر کیا جانے ـ اب میں اس مقام پر ایک سطر میں مطلب لکھ دوں گا ـ وہاں پڑھنے والوں کو یہ کیا معلوم ہو گا کہ اس کے لئے اتنی زحمت اٹھانی پڑی تھی ـ پھر فرمایا کہ ایک کتاب دیکھنے کے لئے مظفر نگر کے سفر کا ارادہ کیا تھا ، لیکن معلوم ہوا کہ وہ وہاں موجود نہیں ہے ـ اب میں محض اپنی یاد سے لکھ سکوں گا ـ پورا اطمینان نہ ہو سکا جو دوبارہ دیکھنے سے ہوتا ـ خدمت خلق بڑی چیز ہے ملفوظ (108) مغرب کے وقت فرمایا کہ صبح سے اس وقت تک گھر نہیں گیا ـ اکثر واقات ایسا ہوتا ہے کہ گھر میں بے چاری اکیلی ہوتی ہے اور دن بھر اکیلی بیٹھی رہتی ہے ، لیکن ان اللہ کی بندی میں ایثار اور راحت رسانی خلق کا مادہ اس قدر ہے کہ کبھی کچھ نہیں کہتیں ـ بلکہ کہا کرتی ہیں کہ جس میں تمہیں راحت ہو وہی کرو ـ میری وجہ سے اپنے کسی معمول میں فرق نہ ڈالو ـ ان میں خدمت مخلوق اور ایثار بہت ہی زیادہ ہے ـ دوسروں کو راحت پہنچانے کے لئے آپ ہمیشہ تکلیف میں رہتی ہیں ـ اسی شفقت و ایثار کی بدولت وہ مقروض تک ہو جاتی ہیں اور گو میں ان کو منع ہی کرتا رہتا ہوں کہ اتنی تکلیف کیوں اپنے اوپر برداشت کرتی ہو ـ لیکن سچی بات یہ ہے کہ میرا دل گواہی دیتا ہے کہ ان کی مغفرت انشاءاللہ تعالی اسی کی بدولت ہو گی ، کیونکہ خدمت خلق بڑی چیز ہے ـ دوسروں کی راحت کے لئے اپنے اوپر تکلیفیں برداشت کرنا آسان کام نہیں ہے ـ فتوی کا جواب بحالت اطمینان دینا چاہئے ملفوظ (109) ایک صاحب کسی کا دستی استفتاء لائے ـ فرمایا کہ دو پیسہ کا ٹکٹ خرید کر اور پتہ لکھ کر رکھ جاؤ ـ میں بعد کو اطمینان سے لکھ کر ڈاک میں بھیج دوں گا ـ اس وقت جلدی میں نہ معلوم کیا سے کیا لکھ جاؤں ـ پھر فرمایا کہ لوگ بھی غضب کرتے ہیں ـ کبھی ایسا نہ کیا کہ کسی جانے والے کے ہاتھ لکھ کر کسی حاکم کے نام درخواست دے دی ہو کہ بھائی اس کا جواب لیتے آیؤ ـ بس یہ تو ضابطہ کے