ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
کے پاس رہ کر ہوتا ہے وہ دور رہ کر نہیں ہوتا ـ صحبت میں بالخاصہ اثر ہے ـ جیسے مقناطیس میں لوہے کے کھینچنے کا اثر ہے ، کوئی خاص وجہ اس اثر کی نہیں بتلائی جا سکتی ـ واقعی خربوزہ کو دیکھ کر کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے ـ ایک بار فرمایا کہ شیخ کے پاس رہ کر مشغول رہنے میں اور دور رہ کر مشغول رہنے میں ایسا ہی فرق ہے جسے مریض ایک تو طبیب کے پاس رہ کر علاج کراوے اور دوسرے یہ کہ دور سے محض خط کتابت کے ذریعہ سے علاج ہو ـ ظاہر ہے کہ نفع میں زمین آسمان کا فرق ہو گا ـ ایک بار فرمایا کہ صحبت شیخ میں طالب و زدیدہ طور پر اپنے اندر اخلاق کو لیتا ہے ـ ایک بار بدوں صحبت شیخ کے محض خط و کتابت پر اکتفا کرنے کی یہ مثال دی تھی کہ جیسے شوہر اور بی بی محض خط و کتابت کرتے رہیں اور اظہار محبت بھی کرتے رہیں لیکن ملتے جلتے نہ رہیں تو اولاد ہو چکی ـ اسی طرح شیخ کے ساتھ محض خط و کتابت رکھنے سے کوئی معتدبہ نتیجہ نہیں پیدا ہو سکتا ـ ثمرات خاصہ کے لئے گاہے گاہے صحبت شیخ ضروری ہے ـ اجازت تعلیم و تلقین بغرض اصلاح ملفوظ (20) فرمایا کہ بعض اصلاح منحصر ہوتی ہے اس بات پر کہ اجازت تعلیم و تلقین کی دے دی جاوے ـ بعد تکمیل بھی شیخ کا ہمیشہ ممنون رہنا چاہئے ملفوظ (21) فرمایا کہ بعد تکمیل کے پھر شیخ کا دخل تربیت میں نہیں رہتا ، حاجت رہتی ہے ، خود من جانب اللہ بلا واسطہ اس کی تربیت ہوتی رہتی ہے ـ طالب شیخ سے مستغنی ہو جاتا ہے ، جیسے مشاطہ بنا سنوار کر دلہن کو دولہا تک پہنچا دیتی ہے ـ اس کے بعد پھر اس کا وہاں گزر نہیں ہوتا ـ البتہ شیخ کا جس کی بدولت اس کو یہ وصول الی اللہ میسر ہوا ہے ہمیشہ ممنون رہنا چاہئے ، ورنہ نا شکری بموجب زوال ہو جاتی ہے ـ صحبت نیک کے متعلق پسندیدہ قطعہ ملفوظ (22) فرمایا کہ صحبت نیک کے متعلق یہ قطعہ مجھے بہت پسند ہے ، اس کو اکثر پڑھا کرتا ہوں ؎ گلے خوشبوئے در حمام روزے رسید از دست محبوبے بدستم