ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
آج کل کی ہمدردی قومی کی بابت فرمایا کہ ہمدردی نہیں ہمہ دردی ہے ـ کرایہ کی چیز میں شرط کا حکم ملفوظ (156) احقر نے عرض کیا کہ اگر کسی کرایہ کی چیز میں یہ شرط ہو کہ اس کو دوسرا شخص استعمال نہ کر سکے تو اس کا کیا حکم ہے فرمایا کہ یہ شرط معتبر ہے جہاں اختلاف استعمال کنندہ سے شئی مستعمل پر مختلف اثر پہنچے ورنہ شرط غیر مفید ہے مثلا ٹٹو کی سواری میں یہ شرط معتبر ہے مکان وغیرہ میں معتبر نہیں ہدایہ وغیرہ میں اسی طرح ہے ـ 16/ جمادی الاول 34ھ سوال کاجواب صاف صاف دینا چاہئے ملفوظ (157) ایک مولوی صاحب بغرض بیعت حاضر ہوئے حضرت نے پوچھا آپ کتنے دن قیام کر سکتے ہیں اس پر انہوں نے کہا کہ جتنا آپ کے نزدیک مناسب ہو حضرت نے فرمایا کہ اچھا میں تو یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ پندرہ برس رہئیے انہوں نے کہا کہ اتنا تو نہیں ہو سکتا پھر حضرت بہت ناراض ہوئے کہ یہ بھی کوئی جواب تھا کہ جتنا تمہارے نزدیک مناسب ہے اب جبکہ میں نے اپنے نزدیک مناسب کو ظاہر کیا تو عمل کیوں نہیں کرتے ایسی بات کہنے ہی کی کیا ضرورت تھی بہر دوران خطاب میں حضرت نے ان سے مختلف سوالات کئے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کی فرمایا کہ دیکھئے یہ حالت ہے یعنی عجیب طرح کا مذاق ہو گیا ہے ایک بات پوچھتے ہیں اس کا جواب نہیں ملتا جواب دینا چاہیے اس وقت تو بڑے مطیع بنے تھے کہ صاحب جتنا مناسب ہو ٹھہروں گا جب کہا گیا کہ بھائی اتنا مناسب ہے تو کہتے ہیں کہ صاحب یہ تو نہیں ہو سکتا ـ یہ جواب دینا چاہئے تھا کہ اتنی گنجائش ہے ـ مجھ کم بختی مارے کو کیا معلوم کہ دوسرے کو کتنی گنجائش ہے ـ کتنی الٹی بات ہے میں کیسے تعیین کر دوں ـ وہ صاحب برابر خاموش بیٹھے رہے اور باوجود طلب جواب کچھ جواب نہ دیا تب فرمایا کہ اگر آپ جواب نہیں دیتے تو بس اگر آپ کو پندرہ برس یہاں ٹھہرنا ہو تو رہئیے ورنہ تشریف لے جائیں اور بہت سے مشائخ ہیں ریل کا وقت ابھی باقی ہے یہ فرما کر ان کو اٹھا دیا سہ دری کے باہر پھر بیٹھنے لگے تو فرمایا کہ یہاں نہ بیٹھے آپ کو