ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
موٹے بھدے آدمی کا تصور کرے کہ جس کا پیٹ نکلا ہوا ہو ، ہوںٹ موٹے موٹے ہوں ، ناک پچکی ہوئی ہو ، رینٹھ بہہ رہی ہو ، مکھیاں بھنک ہوں ـ غرض یہاں تک کہ متخیلہ کام کر سکے ایک نہایت بد شکل شخص کی تصویر اختراع کر کے تصور میں لاوے ـ ایسا کرنے سے انشاء اللہ فورا وہ خیال بد جاتا رہے گا ـ ایک صاحب کو تحریر فرمایا کہ یہ تصور کیا کرو کہ مر کر اس حسین کا کیا حال ہو جاوے گا ـ بدن گل سڑ جاوے گا ، پیٹ پھٹ جاوے گا ، کیڑے پڑ جاویں گے ، غرض عجیب ہیئت ہو جاوے گی ـ اس وقت اگر کوئی اس عاشق سے کہے کہ اس کو گود میں لے کر پیار کرو تو وہاں سے ہزار نفرین کر کے لاحول پڑھ کر بھاگ آوے ـ بیعت بجلی کا تار ہے ملفوظ (30) ایک صاحب کا تذکرہ تھا ـ فرمایا کہ ان کو ابھی کچھ ذکر و شغل بھی نہیں بتلایا صرف بیعت کیا ہے اس پر ان کا یہ حال ہے ـ پھر فرمایا کہ یہ تو بجلی کا تار ہے کہ ہاتھ لگا نہیں کہ لپٹا نہیں ـ بزرگوں سے تعلق محض دین کے لئے ہونا چاہئے ملفوظ (31) فرمایا کہ بزرگوں کے تعلق سے دین تو درست ہوتا ہی ہے دنیا کی بھی برکت ہوتی ہے لیکن دنیا کے قصد سے تعلق پیدا نہ کرے جس طرح کہ حج کو جاتے وقت اس کا قصد تو نہیں ہونا چاہئے کہ بمبئی دیکھیں گے اور جہاز کی سیر کریں گے لیکن جو شخص حج کو جائے گا راستہ میں بمبئی بھی پڑے گی اور جہاز کی سیر بھی نصیب ہو گی ـ اسی طرح گو بزرگوں سے تعلق محض دین کے لئے پیدا کرنا چاہئے لیکن دنیا کی برکت بھی لازمی طور سے اس کو نصیب ہو ہی جاوے گی ـ مگر دنیا کا قصد ہر گز نہ کرے ورنہ کچھ بھی حاصل نہ ہوگا ـ اہل حق کی کتابوں میں اثر ملفوظ (32) فرمایا کہ اہل حق کی کتابوں میں اثر ہوتا ہے ،مکرر سکرر سناتا رہے ـ گو شروع میں اثر نہ ہو لیکن بالآخر اثر ہو کر رہے گا ـ