ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
|
چنانچہ وہ صاحب حاضر ہوئے ـ دوسرے دن مغرب خلوت کی گفتگو میں فرمایا کہ گو آپ کو طویل سفر کرنا پڑا لیکن یہ ضروری تھا ، کیونکہ اصل چیز اس طریق میں ایک دوسرے سے مناسبت ، پیدا ہو جانا ہے ، بلا اس کے کچھ نفع نہیں ہو سکتا اور محض میری کتابیں یا وعظ دیکھ کر جو اعتقاد پیدا ہو وہ قابل اعتبار نہیں ، کیونکہ اس اعتقاد کی بناء صحیح نہیں ـ ظاہر ہے کہ میں کتابوں میں کوئی بری باتیں تو لکھنے سے تو رہا ـ لہذا بلا اس کے کہ میرے روزہ مرہ کے اعمال و افعال یہاں رہ کر نہ دیکھے جائیں میرا مذاق ، میرا طرز ، میرا مشرب ، میرا طریقہ ، میرے مزاج کی حالت نہیں معلوم ہو سکتی ـ محض کتابیں ان باتوں کے معلوم کرنے کے لئے کافی نہیں ہو سکتیں ـ اسی لئے میں ہمیشہ چند روزہ پاس رہنے کا مشورہ دیا کرتا ہوں تاکہ اصل حالت ایک دوسرے کی جانبین کو معلوم ہو جاوے اور مناسبت پیدا ہو جاوے جو مدار نفع ہے ـ اسی لئے میں لکھ دیا کرتا ہوں کہ بیعت کے قصد سے سفر نہ کیا جاوے بلکہ محض ملاقات کے لئے ـ کیونکہ ملاقات ہونے کے بعد دونوں احتمال دونوں جانب سے ہیں کہ مناسبت پیدا ہو یا نہ ہو ـ اس میں دونوں طرف آزادی رہتی ہے ـ دوسرے یہ کہ آنے والے کا مذاق بھی معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ درویشی کو کیا سمجھ کر اس کا طالب ہوا ہے ـ چنانچہ گو آپ سے غلط فہمی کا احتمال نہیں ہے لیکن پھر بھی احتیاطا عرض کئے دیتا ہوں کہ بعضے لوگ تو یہ چاہتے ہیں کہ خوب جوش و خروش و مستی رہا کرے اور بالکل استغراق کی حالت رہے ـ سونہ یہ کیفیات مقصود ہیں نہ یہ اختیاری ہیں ـ بعضے چاہتے ہیں کہ معاصی سے ایسی نفرت ہو جاوے کہ طبیعت کا میلان بھی باقی نہ رہے ـ سو یہ بھلا کہاں ممکن ہے ـ میلان معاصی کا بعد کمال کے بھی رہتا ہے ، لیکن اتنا فرق ہو جاتا ہے کہ پہلے نفس کے تقاضے کے روکنے میں سخت کلفت ہوتی تھی اور اس پر غالب آنا نہایت دشوار ہوتا تھا ، گو بچنا اختیار میں اس وقت بھی ہوتا ہے ـ یہ نہیں ہے کہ اختیار ہی میں نہ ہو ـ بعد ذکر شغل کے اول تو تقاضا اس شدت کے ساتھ نہیں ہوتا اور دوسرے تھوڑی سی توجہ سے اور مخالفت سے وہ دب جاتا ہے ـ باقی یہ نہیں ہو جاتا کہ تقاضا ہی نہ ہو اور کمال تو اسی میں ہے کہ باوجود تقاضا کے ضبط کرے ورنہ وہ تو دیوار ہو جاتا ہے ـ اس کی بالکل ایسی مثال ہے جیسے شائستہ گھوڑا ـ یہ نہیں ہوتا کہ وہ کبھی کوئی شرارت ہی نہ کرے ـ بعد شائستگی کے بھی وہ کبھی کبھی دولتی پھینکنے لگتا ہے ، کبھی کھڑا ہو جاتا ہے ، لیکن تھوڑے سے اشارہ سے اور ایک دو