﷽
سفر حج حجاج کرام سے کچھ گزارشیں
الحمد ﷲ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ سید المرسلین
وعلیٰ آلہ وصحبہ أجمعین ، أمابعد !
الحمد ﷲ بنعمتہ تتم الصالحات، ۱۴۲۹ھ ( ۲۰۰۸ء) کا حج بخیر وخوبی پورا ہوگیا۔ ہندوستان سے اس مبارک سفر کا آغاز ۳۰؍ اکتوبر سے ہوا، کئی جگہ سے مدینہ شریف کے لئے پہلی پرواز ۳۰؍ اکتوبر کو متعین ہوئی اور عازمین حج بصد شوق وذوق مدینہ شریف کے لئے مذکورہ تاریخ میں روانہ ہوئے ، پچھلے حج سے واپسی میں بعض ایسی مشکلات سے حجاج کو سابقہ پڑا تھا جس کا پہلے سے تجربہ نہ تھا، اس سال حج کمیٹی نے اور دوسرے حضرات نے ان مشکلات پر قابو پانے کے انتظامات کئے ، مگر انسان کا انتظام ہمیشہ ادھورا رہتا ہے ، ایک سوراخ بند کیا جاتا ہے ، تو دوسرے سوراخ کھل جاتے ہیں ، چنانچہ اس سال روانگی کی ابتدائی تاریخ ہی سے مشکلات کاا یک نیا عنوان ظاہر ہونے لگا۔
حج کمیٹی کا حکم تھا کہ فلائٹ کی تاریخ سے ایک روزقبل ، مرکز روانگی میں جاکر اپنے سفر کی رپورٹ درج کرادی جائے ، چنانچہ جن لوگوں کواطلاع تھی کہ پہلی فلائٹ سے ان کی روانگی ہے ، انھوں نے ایک روز پہلے سفر کی رپورٹ درج کرادی۔ مدرسہ شیخ الاسلام ، شیخوپور سے جانے والا حجاج کا قافلہ جو چھ افراد پرمشتمل تھا ، اس نے بھی رپورٹ درج کرادی ، اس کی رسید حج کمیٹی نے دیدی، اور حکم ہوا کہ ۲۹؍ اکتوبر کی شام تک آجائیے اور پاسپورٹ اور