شیخوپور کے افتخاراعظمی اور حافظ اسامہ بن اکرام ، ریاض سے مدینہ ہوتے ہوئے آئے۔
آج کتابوں کی خریداری کے لئے بعد نماز عشاء کتب خانہ جانے کے لئے شامیہ کی طرف نکلا ، ایک شخص نے آکر سلام کیا ، معلوم ہواکہ گورینی کا احتشام ہے ، وہ یہیں مکتبہ دار الکوثر میں کام کرتا ہے ، کچھ دیر اس کے یہاں ٹھہرے ، اس نے امام نوویؒ کی کتاب ’’التبیان فی آداب حملۃ القرآن ‘‘ بطور ہدیہ کے دی، مفتی عبد الرحمن بھی وہیں آگئے ، پھر افتخار اور اسامہ بھی آگئے ، وہاں سے فارغ ہوکر میں مکتبہ دار الباز گیا ، جس کا مالک عباس نامی ہے ، وہاں سے ’’تاریخ الاسلام للذہبی ‘‘ زرقانی شرح مواہب اللدنیہ ، اور متعدد کتابیں خریدیں ، مفتی صاحب کے حوالہ کیا ،وہ ان کتابوں کو جدہ لے جائیں گے ، وہاں سے کارگو کے ذریعہ بھیجیں گے۔
آج بڑھل گنج والے ابوالکلام صاحب کے رشتہ دار شمشاد احمد جدہ سے آئے ، کھانا بھی بعد نماز عشاء وہی لائے ، عادل زمزم لینے حرم گیا ہے ، مفتی عبد الرحمن صاحب کا بھی انتظار ہے ، دونوں آجائیں تو کھانا کھایا جائے۔
۳؍ محرم الحرام،۱۱؍جنوری (جمعہ):
رات کو ذرا دیر میں سونا ہوا، سوا چار بجے کے بعد آنکھ کھلی، وضو کرکے حرم جانے کے لئے باہر نکلا ، دیکھا توزبردست بارش ہوئی ہے ، سڑک پر پانی اس طرح بہہ رہا ہے ، جیسے نالہ بہتا ہو، کئی روز نماز استسقاء ہوئی تھی ، آج اس کا ظہور ہوا، میں جب باہر نکلا تو بارش موقوف ہوچکی تھی ،معلوم ہواکہ تین بجے کے پہلے سے بارش ہورہی تھی ، دوگھنٹے بڑی طوفانی بارش ہوئی ، دن بھر موسم ابر آلود رہا ، آج خالی پیٹ شوگر چیک کی گئی تو ۱۱۲ تھی ، تھوڑی سی زائد۔
آج مولوی ابوالاویس صاحب جمعہ کی نماز کے بعد دمام کے لئے روانہ ہوئے ، دمام سے عمرہ کے لئے بسیں آتی ہیں ، وہ کم کرائے پر عمرہ کے عازمین کو لاتی اور لے جاتی ہیں ، عام کرایہ نقل جماعی کا ۱۹۰؍ ریال ہے ، عمرہ کے لئے بسیں ۵۰؍ ریال لیتی ہیں ، مولوی