معراج کا سفر |
|
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چند معزات اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام معجزات شمار کئے جائیں تو بہت مشکل ہے۔ ایک تو اس وجہ سے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہربات ہر کام اپنی حکمتوں اور مصلحتوں کی وجہ سے خلاف معمول ہے۔ (جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے) دوسرے اس وجہ سے بھی مشکل ہے کہ آپ کی باتوں اور آپ کے تمام کاموں کو شمار کرنا ناممکن ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات تمام عَالَموں میں ظاہر ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ارشاد فرمایا: ’’وَمَااَرْسَلْنٰکَ اِلاَّ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْنَ‘‘ کہ ہم نے آپ کو تمام عالموں کی طرف رحمت بناکر بھیجا۔ ایک حدیث میں ہے کہ جب تک زمین پرکوئی آدمی اللہ اللہ کہنے والا ہوگا قیامت نہیں آئیگی۔ اللہ اللہ کہنے والا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت پر اقرار کرنے والا بھی ہوگا۔ اس سے معلوم ہوا آپ صلی اللہ علیہ وسلم تمام عالموں کے باقی رہنے کا ذریعہ ہیں۔ کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت تمام عالموں کے لئے ہے ،اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزے بھی تمام عالموں میں ظاہر ہوئے۔عَالَم کی کل نو (۹) قسمیں ہیں (۱) عالم معانی جیسے رنگ بو اور کلام کا عالم (۲) فرشتوں کا عالم (۳) انسانوں کا عالم (۴) جنوں کا عالم (۵) آسمان اور چاند تاروں کا عالم (۶) جمادات کا عالم (۷) نباتات کا عالم (۸) حیوانات کا عالم (۹) ہوا کا عالم۔