معراج کا سفر |
|
حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں … فَلَمَّا خَلَصْتَ اِذَا اِبْرَاہِیْمُ ، جب میں ساتویں آسمان میں داخل ہوا تو حضرت ابراہیم علیہ السلام کو دیکھا۔ جبرئیل علیہ السلام نے تعارف کروایا کہ … ہٰذَا اَبُوْکَ فَسَلِّمْ عَلَیْہِ … یہ آپ کے ابا ہیں انہیں سلام کیجئے،میں نے سلام کیا، انہوں نے سلام کا جواب دیا اور فرمایا۔ مَرْحَبًا بِالْاِبْنِ الصَّالِح وَالنَّبِیِّ الصَّالِح … خوش آمدید صالح بیٹے اور صالح نبی۔(۱) ایک روایت میں ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام بیت المعمور سے ٹیک لگائے بیٹھے تھے۔بیت المعمور میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھی بیہقی کی روایت میں ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ جب مجھ کو ساتویں آسمان پر چڑھایا گیا ،تو حضرت ابراہیم علیہ السلام موجود تھے، بہت حسین تھے، اور ان کے ساتھ ان کی قوم کے کچھ لوگ موجود تھے اور میری امت بھی وہاں موجود تھی، اور وہ دو قسم کی ہے، ایک قسم سفید کپڑے والی ہے اور دوسری میلے کپڑے والی ہے، میں بیت المعمور میں داخل ہواتو سفید کپڑے والے بھی میرے ساتھ داخل ہوگئے اور میلے کپڑے والے روک دئے گئے، پس میں نے اور میرے ساتھ والوں نے بیت المعمور میں نماز پڑھی۔ (بیہقی) ------------------------------ (۱) حوالۂ سابق بخاری شریف، مسند احمد، ابن حبان