معراج کا سفر |
|
انیسواں فائدہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آسمانوں میں خود انبیاء علیہم السلام کو سلام کیا، اس سے معلوم ہوا کہ آنے والا بیٹھنے والے کو سلام کرے، اگرچہ آنے والا افضل ہو۔بیسواں فائدہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرے انبیاء علیہم السلام کے فضائل ذکر کرکے اپنے لئے دعا فرمائی اس سے مقامِ قرب میں پہنچ کر بھی دعا کی فضیلت معلوم ہوئی۔اکیسواں فائدہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مشورہ دیا کہ نماز کے عدد میں کمی کی درخواست کیجئے اس سے معلوم ہوا کہ نیک مشورہ دینا اور خیرخواہی کرنا امر مطلوب ہے گو جس کو مشورہ دیا جائے وہ اپنے سے رتبہ میں بڑاہی کیوں نہ ہو۔بائیسواں فائدہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں کمی کی درخواست کی، اس سے معلوم ہوا کہ مفید مشورہ قبول کرلینا پسندیدہ ہے۔تیئسواں فائدہـ حضرت ام ہانی رضی اللہ عنہا نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ اس قصہ کو لوگوں سے بیان نہ فرمائیں جیساکہ پہلے گذرا، اس سے معلوم ہوا کہ جس بات کے اظہار سے فتنہ ہوتا ہے اس کو ظاہر نہ کیا جائے، کیونکہ ان کے مشورے کا حاصل یہی ہے۔