مقدمہ
قانون نافذ کر نے والی ایجنسی کے افراد…ایک ایسے شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں، جس کا یہ جرم ہو کہ وہ مقاماتِ عامہ بیڑی، سگریٹ، گٹکھا، وغیرہ استعمال کر رہاتھا، حکومتی اہل کاروں نے اسے گرفتار کرکے اس کے خلاف، مقاصد ِشرعیہ دفعہ۲؍؛ بابت حفاظتِ نفس، دفعہ ۴؍؛ بابت حفاظتِ مال، اور دفعہ ۵؍ ؛بابت حفاظتِ عقل ،کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا۔
عدالت نے مقدمہ کے سماعت کی، تاریخ ۵؍ رجب المرجب طے کی، جس میں ملزم اپنے وکیلِ دفاع کے ساتھ، ۵؍تاریخ کو حاضر ہوگا۔
(پیش کار متعینہ تاریخ پر ملزم کواس کے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش کرتا ہے۔)
پیش کار (آواز لگاتاہے): ملزم نمبر ایک حاضر ہو!!
جج( وکیلِ دفاع سے):
آپ کے مؤکل کے خلاف دفعہ ۲؎ ،اور دفعہ۴؎؍ ۵؎ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے، کیا آپ ان کے دفاع میں کچھ کہنا چاہیں گے؟
وکیل دفاع:معزز جج صاحب!
میرے مؤکل کے خلاف، مقدمہ میں جس چیز کو جرم قرار دیا گیا ہے، وہ حقیقۃً جرم ہے ہی نہیں،کیوں کہ بیڑی، سگریٹ، تمباکو وغیرہ کی حرمت پر کوئی دلیلِ شرعی موجود نہیں ہے، بلکہ ان چیزوں کا استعمال جائز اور مباح ہے، اور اب میں اس کے جواز واِباحت پر اپنی دلائل پیش کررہا ہوں، امید کہ بغور سماعت فرمائیں گے،