تجلیات جذب |
ہم نوٹ : |
|
تجلیاتِ جذب (حصۂ اوّل) اَلْحَمْدُ لِلہِ وَکَفٰی وَسَلَامٌ عَلٰی عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰی، اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ اَللہُ یَجۡتَبِیۡۤ اِلَیۡہِ مَنۡ یَّشَآءُ وَ یَہۡدِیۡۤ اِلَیۡہِ مَنۡ یُّنِیۡبُ 1؎حضرات سامعین! اصل مضمون سے پہلے ضروری گزارشات کرنی ہیں جن کی طرف خاص توجہ کی ضرورت ہے۔ قرآنِ پاک صحیح پڑھنے کا اہتمام بار باریہ عرض کر چکا ہوں کہ قرآن شریف کے حروف کی صحت کا اہتمام کیجیے۔ اپنے اپنے حلقوں میں کسی قاری صاحب سے قرآن شریف کے حروف درست کر لیجیے۔ بعض غلطیاں ایسی ہیں جو گناہ کبیرہ ہیں لَحْنِ جَلِیْ میں حروف بدل جاتے ہیں۔اس لیے قرآن شریف صحیح پڑھنا بہت ضروری ہے۔حکیم الامت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے بڑے بڑے علماء کو تھانہ بھون میں نورانی قاعدہ پڑھوا کر پھر بیعت فرمایا۔ اتنا اہم معاملہ ہے۔ اسی لیے عرض کرتا ہوں کہ اس کو معمولی بات مت سمجھیے۔ اگر کسی شاعر کا کلام کوئی غلط پڑھ دے تو اسے کتنی ناراضی ہوتی ہے اور اﷲ تعالیٰ کے کلام کو جیسے چاہو پڑھ دو! ذرا سوچنے کی بات ہے کہ ان کے کلام کی عظمت کا کیا حق ہے۔حکیم الامت فرماتے ہیں کہ روزانہ آپ آدھا گھنٹہ دے دیں ان شاء اﷲ تعالیٰ دو مہینہ میں قرآن شریف کے الفاظ درست ادا کرنے لگیں گے۔ _____________________________________________ 1؎الشورٰی:13