پیش لفظ
از: حضرت مولانا سعید ا لرحمن صاحب اعظمی زید مجدہم
مدیر ’’البعث الاسلامی‘‘ ومہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ
الحمد للّٰہ وکفیٰ وسلام علی عبادہ الذین اصطفی، أما بعد :
پیش نظر کتاب، مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ کی باکمال شخصیت کے چند پہلوؤں پر مشتمل ہے، اس کتاب کو بڑی خوبی کے ساتھ عزیز گرامی مولانا محمد اسجد بستوی ندوی استاذ دارالعلوم الاسلامیہ بستی نے مرتب کیا ہے اور حضرت مولاناؒ کی پہلو دار اور جامع کمالات زندگی کے نمایاں اوصاف کو اچھے انداز میں پیش کیا ہے۔
اس زمانے میں جب کہ ہمارے نوجوانوں میں اپنی شخصیت بنانے اور مستقبل کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی حوصلہ افزا پیش رفت نہیں ہورہی ہے، حضرت مولاناؒ کی زندگی کو ایک بہترین نمونے کی حیثیت سے پیش کرنا اور ان عوامل ومحرکات کو مہمیز دینا جو حضرت کی شخصیت کی تعمیر میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اور تاریخ میں ان کا ایک خاص مقام ہوتا ہے، ایک اہم ترین ذمہ داری ہے۔
حضرت مولاناؒ کی تربیت وتوجہ سے بے شمار نوجوانوں کو صحیح سمت ملی اور ان کو بامقصد زندگی گذارنے کا فن معلوم ہوا، اور نہ جانے کتنی زندگیوں میں انقلاب آیا اور انہوں نے صراطِ مستقیم کو پہچانا، حضرت مولاناؒ نے تعلیم وتربیت اور دعوت وفکر اسلامی کے میدان میں ایسی نمایاں اور عظیم الشان خدمات انجام دی ہیں جونہ صرف ہندوستان؛ بلکہ ساری دنیا کے لئے