رفتگان |
ن مضامی |
|
حضرت مولانا محمد امین صفدر اوکاڑویؒ اور دیگر مرحومین اہل سنت کے معروف مناظر حضرت مولانا محمد امین صفدر اوکاڑویؒ کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ عیسائیت اور قادیانیت کے محاذ پر ایک کامیاب مناظر تھے اور احناف کی عوامی سطح پر وکالت کا خصوصی ملکہ رکھتے تھے۔ انہوں نے ان شعبوں میں قابل قدر خدمات سرانجام دیں اور خاص طور پر نوجوان علماء کی تربیت کی طرف توجہ دی جو ان کا صدقہ جاریہ رہے گا۔اہلیہ حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستیؒ حافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستیؒ کی اہلیہ محترمہ گزشتہ دنوں خانپور میں انتقال کر گئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ نیک دل، عبادت گزار اور خداترس خاتون تھیں، وہ حضرت درخواستیؒ کی علمی و دینی جدوجہد میں ان کی شریک کار رہیں۔حضرت مولانا سید فیض علی شاہؒ دارالعلوم دیوبند کے سابق مدرس اور ہزارہ کے بزرگ عالم دین حضرت مولانا سید فیض علی شاہؒ کا گزشتہ دنوں مانسہرہ میں انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز فضلاء میں سے تھے اور حضرت شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنیؒ نے انہیں خصوصی سند بھی عطا فرمائی تھی۔ عمر کا بیشتر حصہ درس و تدریس میں گزارا اور کچھ عرصہ گوجرانوالہ کے مدرسہ اشرف العلوم میں بھی تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ کئی برسوں سے برطانیہ کے شہر بولٹن میں مقیم تھے۔ ان کے فرزند مولانا سید اسعد شاہ برنلی (برطانیہ) کی جامع مسجد فاروق اعظمؒ میں خطابت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔حضرت مولانا محمد لقمان علی پوریؒ جمعیۃ علمائے اسلام کے ممتاز راہنما حضرت مولانا محمد لقمان علی پوریؒ گزشتہ دنوں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ انہوں نے تحریک ختم نبوت اور تحریک نفاذ شریعت میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور کئی بار قید و بند کی صعوبتوں سے دوچار ہوئے۔ اپنے علاقہ کے عوام کی سماجی خدمات میں پیش پیش رہتے تھے۔مولوی عبد الغفورؒ راقم الحروف کے ہم زلف قاری محمد اسلم شہزاد کے والد محترم مولوی عبد الغفور صاحب گزشتہ دنوں عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ جاتے ہوئے راستہ میں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ نیک دل اور خداترس بزرگ تھے اور کچی پمپ والی گوجرانوالہ کی ایک مسجد میں بے لوث خدمت سرانجام دیتے تھے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ان سب بزرگوں کی حسنات قبول فرمائیں، سیئات سے درگزر کریں اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازتے ہوئے ان کے پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دیں، آمین یا رب العالمین۔ مجلہ/مقام/زیراہتمام: ماہنامہ الشریعہ، گوجرانوالہ تاریخ اشاعت: دسمبر ۲۰۰۰ء