رفتگان |
ن مضامی |
|
مولانا قاری محمد بشیرؒ آف ہری پور ہزارہ اور دیگر مرحومین گزشتہ دنوں ہمارے ایک محترم دوست اور ساتھی مولانا قاری محمد بشیر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ شیرانوالہ گیٹ ہری پور ہزارہ کی جامع مسجد کے خطیب اور جامعۃ القراء شاہ محمد جی ٹی روڈ ہری پور کے مہتمم تھے۔ نڈر اور بے باک عالم دین تھے، مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے فاضل تھے اور جمعیۃ علمائے اسلام (س) کے سرگرم راہنماؤں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ دینی تحریکات اور جماعتی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہے اور علاقہ کے عوام کی سماجی خدمت میں بڑھ چڑھ کر شریک رہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دیں، آمین۔میاں جی دین محمد مرحوم تبلیغی جماعت کے ایک پرانے بزرگ میاں جی دین محمد گزشتہ روز کم و بیش ایک سو برس کی عمر میں میترانوالی تحصیل ڈسکہ میں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ حضرت مولانا محمد الیاس دہلویؒ کے ساتھیوں میں سے تھے اور میوات میں تبلیغی جماعت کی محنت کا آغاز کرنے والوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ ان کے فرزند مولانا محمد یوسف میواتی مدرسہ نصرۃ العلوم کے فاضل، مدرسہ تعلیم القرآن میترانوالی کے مہتمم اور پاکستان شریعت کونسل ضلع سیالکوٹ کے کنوینر ہیں۔ میاں جی دین محمد مرحوم کی نماز جنازہ راقم الحروف نے پڑھائی اور اس میں علاقہ کے علماء کرام اور دینی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق سے نوازیں، آمین ثم آمین۔الحاج حکیم برکات احمد بگویؒ بھیرہ ضلع سرگودھا کے معروف بگوی خاندان کے بزرگ مولانا حکیم برکات احمد بگوی گزشتہ دنوں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ مرکزی جامع مسجد بھیرہ کے خطیب صاحبزادہ ابرار احمد بگوی کے چچا محترم اور نیک دل بزرگ تھے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق سے نوازیں، آمین ثم آمین۔مخدوم منظور احمد تونسوی کو صدمہ پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی راہنما اور مسجد کبرٰی نیو سمن آباد لاہور کے خطیب مولانا مخدوم منظور احمد تونسوی کے ایک قریبی عزیز حافظ قادر بخش بذریعہ کار تونسہ جاتے ہوئے ٹرک کے ساتھ تصادم میں شہید ہوگئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اس حادثہ میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ڈرائیور اور اس کے ساتھ مخدوم صاحب کا بھانجا عبد الرحمان اور بھتیجا سعید زخمی ہوگئے۔ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں جگہ دیں، زخمیوں کو صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔ مجلہ/مقام/زیراہتمام: ماہنامہ الشریعہ، گوجرانوالہ تاریخ اشاعت: مارچ ۱۹۹۹ء