رفتگان |
ن مضامی |
|
مولانا محمد عبد اللہ عباسیؒ ضلع گوجرانوالہ میں منڈھیالہ تیگہ کے قریب بلال پور میں ہمارے پرانے دوست اور ساتھی مولانا محمد عبد اللہ عباسیؒ کا انتقال ہوگیا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کا تعلق مری سے تھا۔ ہمارے چچا محترم حضرت مولانا صوفی عبدا لحمید سواتیؒ قیام پاکستان سے قبل مری کی ایک مسجد میں کچھ عرصہ خطیب رہے ہیں، مولانا محمد عبد اللہؒ کے والد حاجی محمد سلیم مرحوم اس مسجد کے منتظم تھے۔ وہاں سے تعلق قائم ہوا تو سلسلۂ محبت دراز ہوتا چلا گیا۔ مولانا محمد عبد اللہؒ نے 1970ء کے دوران جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں دورہ حدیث سے فراغت حاصل کی اور حضرت صوفی صاحبؒ کے حکم پر بلال پور میں، جو اس دور میں بدھوپور کہلاتا تھا، ایک مسجد کی امامت و خطابت کے فرائض سنبھال لیے۔ بلال پور کے ایک صاحب دل اور مخیر بزرگ حاجی جمال دین مرحوم کے ساتھ مل کر طالبات کے دینی مدرسہ اعجاز القرآن کا آغاز کیا جو اب ضلع میں بنات کے بڑے مدارس میں شمار ہوتا ہے۔ والد محترم حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ اس مدرسہ کے سرپرست تھے اور حاجی جمال دین مرحوم اس کے مہتمم تھے جبکہ مولانا محمد عبد اللہ عباسیؒ اس مدرسہ کی ترقی و فلاح کے لیے زندگی بھر متحرک رہے۔ حضرت صوفی صاحبؒ کے ساتھ مولانا مرحوم کا انتہائی عقیدت و محبت کا تعلق تھا اور اسی حساب سے انہیں شفقت و سرپرستی بھی ہمیشہ حاصل رہی۔ چنانچہ ان کی وصیت کے مطابق ان کا جنازہ حضرت صوفی صاحبؒ کے فرزند مولانا حاجی محمد فیاض خان سواتی نے پڑھایا اور راقم الحروف نے بھی شرکت کی سعادت حاصل کی۔ انتہائی سادہ، نیک دل اور درد دل سے بہرہ ور بزرگ تھے، اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کے ساتھ ان کی حسنات جاری رکھنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔ مجلہ/مقام/زیراہتمام: روزنامہ اسلام، لاہور تاریخ اشاعت: ۲۶ جولائی ۲۰۱۴ء (غالباً)