ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 98 ) ( 169 ) دوستوں سے ملاقات کے لئے جانے میں کوئی تکلیف نہیں ہوتی : فرمایا کہ حضرت حافظ غلام مرتضی صاحب مجذوب ایک مرتبہ جلال آباد تشریف لے گئے ۔ لوگوں نے عرض کیا کہ حضرت نے بہت تکلیف فرمائی ۔ حافظ صاحب نے ذرا سختی سے فرمایا کہ کیا میں تمہارا نوکر ہوں کہ میں تمہارے لئے تکلیف کرتا یا تم مجھے تنخواہ دیتے ہو ۔ یہ سخت بے ادبی کا کلمہ ہے ۔ یوں کہنا چاہئے کہ آپ نے کرم کیا ، عنایت فرمائی کہ تشریف لے آئے اور فرمایا کہ اگر مجھے تکلیف ہوتی تو کیوں آتا ۔ مولانا نے فرمایا کہ حافظ صاحب کی کیفیت مجذوبانہ تھی اور مجذوبوں کا کلام اکثر بے ٹھکانے ہوتا ہے ۔ لیکن حافظ صاحب کی باتیں نہایت پاکیزہ اور عقلاء کے کلام کی طرح ہوتی تھیں آجکل تکلیف فرمائی آداب میں شمار ہوتا ہے ۔ حالانکہ دوستوں کی ملاقات کو جانے میں تکلیف نہیں ہوتی اور اگر ہو بھی تو تقاضائے محبت سے وہ محسوس نہیں ہوتی ۔ حافظ صاحب کا مقصود اس سے ادب کی تعلیم فرمانا تھا ۔ ( 170 ) طاعون والی جگہ پر نہ جانا چاہئے : ایک روز کچھ تذکرہ طاعون کے متعلق تھا ۔ فرمایا کہ میرا قصد فلاں جگہ جانے کا تھا ۔ مگر چونکہ معلوم ہوا کہ اس جگہ طاعون ہے ، اس واسطے قصد ملتوی کر دیا ۔ اب سنا گیا ہے کہ وہاں کچھ تخفیف ہے ۔ ( 171 ) طاعون میں مرنے والا شہید ہے : فرمایا کہ حدیث میں ہے : المطعون شھید ۔ بے شک بالکل ٹھیک ہے ۔ واقعی جو لوگ طاعون میں مرتے ہیں ان کی موت حیرت انگیز ہوتی ہے ۔ بالکل اولیاء کی سی موت ہوتی ہے ۔