ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 170 ( 75 ) علم اعتبار حدیث سے ثابت ہے : فرمایا کہ علم اعتبار کو شاہ ولی اللہ صاحب نے الفوز الکبیر میں اس واقعہ سے ثابت فرمایا ہے فاما من اعطی واتقی الایۃ ( والحدیث مذکور فی المشکوۃ ) لیکن اس سے بھی زیادہ واضح طور سے اس واقعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے حضرت ابی کو پکارا اور وہ نماز میں تھے ۔ اس لئے انہوں نے جواب نہیں دیا ۔ بعد نماز کے جب وہ آئے اور انہوں نے نماز میں ہونے کا عذر کیا تو آپ نے فرمایا کہ کیا تم نے قرآن مجید میں یہ آیت نہیں پڑھی : یا ایھا الذین آمنوا استجیبوا للہ و للرسول اذا دعاکم لما یحییکم ۔ تو اس آیت کا تلاوت فرمانا اور اس سے استدلال بطور علم اعتبار کے ہے ۔ کیونکہ یہ ظاہر ہے کہ اس آیت میں دعوت اور استجابت سے خاص دعوت اور خاص استجابت مراد ہے ۔ یعنی احکام شرعیہ میں اطاعت ۔ تو اس آیت کی تلاوت سے مقصود یہ تھا کہ تم تو عالم فقیہ ہو ۔ تم کو تو سمجھنا چاہئے تھا کہ یہ استجابت بھی مثل استجابت مدلولہ آیت کے ہے ۔