ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 29 ہے ۔ ( 10 ) بزرگ اپنا تبرک محض دلجوئی کے لئے دیتے ہیں : فرمایا کہ اکثر بزرگ جو طلب کرنے پر یا بلا طلب اپنا تبرک عطا فرماتے ہیں تو محض یہ نیت ہوتی ہے کہ ایک محب کا دل خوش ہو گا اور محبت بڑھے گی ، نہ اس لئے کہ وہ حضرات اپنے کو صاحب برکت سمجھتے ہیں ، کیونکہ یہ خود بینی ہے اور وہ حضرات اپنے کو ارذل المخلوقات سمجھتے ہیں ۔ ( 11 ) غیر مقلدین میں بد زبانی اور بد گمانی کا مرض ہوتا ہے فرمایا کہ جماعت اہل حدیث میں دو امر قابل اصلاح ہیں : ایک بدگمانی ، دوسرے بدزبانی ائمہ اور ان کے مقلدین کی شان میں ۔ حالانکہ انہوں نے قواعد و اصول قرآن و حدیث ہی سے استخراج کئے ہیں اور مسائل کو ان پر متفرع کیا ہے اور یہ بھی معلوم ہے کہ احادیث صرف صحیح بخاری ہی میں منحصر نہیں ، لیکن اگر کسی میں یہ دونوں عیب نہ ہوں اور اتباع ہوا سے پاک ہو اور عمل میں خلوص ہو اور وہ مسئلہ خلاف ائمہ اربعہ کے نہ ہو اور خود اجتہاد نہ کرے تو ایسا شخص عند اللہ تو ملوم نہ ہو گا ، لیکن تجربہ یہ ہے کہ ہمارا نفس آزادی اور سہولت کا جویا ہوتا ہے ۔ ہم کو اگر کسی ایک مذہب کا پابند نہ کر دیا جائے تو ہمارا دین محفوظ رہنا نہایت دشوار ہے ۔ ( 12 ) وتروں کے بعد دو رکعت پڑھنے میں تفصیل ہے : فرمایا کہ بعض نے بوجہ حدیث اجعلوا آخر صلوتکم الوتر کے رکعتین بعد الوتر کو منع کیا ہے اور بعض نے اجازت دی ہے ، لیکن میری سمجھ میں یہ آتا ہے کہ اگر اول شب میں وتر پڑھے تو رکعتین پڑھ لے کہ ایک درجے میں قائم مقام تہجد کے ہو جائیں گی اور اگر آخر شب میں بعد تہجد پڑھے تو ان رکعتین کو ترک کر دے ۔