ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 300 ( 22 ) اولیاء کی صحبت سے گر کی بات معلوم ہو جاتی ہے : فرمایا کہ : یک زمانہ صحبت با اولیاء : بہتر از صد سالہ طاعت بے ریا اس کا مطلب یہ ہے کہ اکثر اولیاء اللہ کی خدمت میں رہنے سے بعضی بات ایسی معلوم ہو جاتی ہے کہ سو سال عبادت کرو جب بھی وہ بات نہیں معلوم ہوتی اور وہی بعضی بات ایسی ہوتی ہے کہ اس کی تمام عمر کے واسطے کافی ہو جاتی ہے اور جو معنی اس کے عوام نے سمجھے ہیں وہ نہ کلی ہیں نہ اکثری ۔ ( 23 ) عصمت کا حاصل معصیت کا نہ ہونا ہے : فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ابن صیاد سے دریافت کیا کہ میرے دل میں کیا ہے اور آپ نے آیت دخان کی اپنے دل میں لے لی ۔ تو اس نے کہا دخ ہے ۔ اب یہاں پر یہ اعتراض پیدا ہوتا ہے کہ شیطان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے دل پر کیسے اطلاع ہو گئی ۔ اس کا جواب یہ ہے کہ عصمت کے لوازم سے یہ ہے کہ عمل معصیت نہیں کرا سکتا ۔ باقی اگر قلب کا حال یا دوسرے اعضاء میں جو چیز منقش ہو اس کو معلوم کر لینا یہ منافی عصمت نہیں ۔ اس کا ثبوت اکثر آیات قرآن مجید سے ہوتا ہے ۔ چنانچہ ہمراہی موسی علیہ السلام کا قول ہے : وما انسانیھ الا الشیطان یا ایوب علیہ السلام کا قول : انی مسنی الشیطن بنصب و عذاب وغیرہ اس کے موید ہیں ۔ ( 24 ) باحیا ہونا مقید ہونا نہیں : فرمایا کہ ایک شخص سے ایک یورپین نے یہ کہا کہ تمہارے یہاں عورتوں کو کیوں قید میں رکھتے ہیں ۔ ان کو بڑی تکلیف ہوتی ہو گی ۔ یہ تمہارے یہاں عورتوں پر بڑا ظلم ہے ۔ اس نے جواب دیا کہ قید نام ہے خلاف طبیعت پر مجبور کرنے کا ۔