ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 207 سب سنت ہیں ۔ جہاں کوئی نماز پڑھانے والا نہ ملے وہاں نیت باندھ کر تکبیرات اربعہ کہہ لینا کافی ہے ۔ فرض ادا ہو جائے گا اور جنازہ بے نماز پڑھے دفن کر دینے کا گناہ نہ ہو گا ۔ ( 16 ) تعیین اجرت کے بغیر اجارہ جائز نہیں : قصبات میں دستور ہے کہ قصاب کو مکان دے دیتے ہیں اور کرایہ لینا معیوب سمجھتے ہیں اور اس کے بجائے یہ ٹھہرا لیتے ہیں کہ نصف قیمت پر گوشت لیا کریں گے ۔ یہ جائز نہیں ہے ، کیونکہ کرایہ متعین نہیں ہے ۔ مولانا مرحوم نے اس کے جواز کی صورت بتائی کہ یہ اندازہ کر لیا جائے کہ کتنا ماہوار گوشت خرچ ہوتا ہے ۔ اس سے احتیاطا کچھ زائد مقرر کر لے ۔ مثلا یہ کہ پچیس سیر ماہوار گوشت لیا کریں گے اور بجائے ایک فی سیر گوشت کے دو فی سیر دیں گے ۔ یعنی کرایہ 25 مقرر ہو گیا اور پھر اختیار ہے کہ اس میں سے کچھ چھوڑ دے ۔ ( 17 ) مجہول اجرت جائز نہیں : فرمایا کہ ایسے ہی بعض دستور ہے کہ مکان اس شرط پر رہنے کو دیتے ہیں کہ کام کے لئے دور بھیجا کریں گے ۔ یہاں بھی عمل ( جو کرایہ کے قائم مقام ہے مجہول ہے ، اس لئے یہ جائز نہیں ) جواز کی صورت یہ ہے کہ اندازہ کر لیا جائے کہ ایک ماہ میں مجموعی کتنی مسافت ہو جاتی ہو گی ۔ احتیاطا اس سے کچھ زائد مقرر کر لیں ۔ مثلا یہ کہ ہر ماہ میں تمہیں وقتا فوقتا کام کو بھیجا کریں گے ، جس کی مجموعی مسافت مثلا سو میل ہو گی ۔ یہ جائز ہو گا ، کیونکہ کرائے کے عوض ایک معین کام مقرر ہو گیا جو خود متقوم ہے ، گو اس صورت میں اور صورت سابقہ میں حساب یاد رکھنا ہو گا ۔