ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 291 حالت پیش آئی ۔ فرمایا کہ کچھ اس کا ذکر آیا تھا مگر اللہ تعالی نے معاف کر دیا ۔ ( 99 ) ریاء کا احتمال ذکر خفی میں بھی رہتا ہے : بتاریخ مذکور ۔ حضرت مولانا رشید احمد صاحب نے ایک شخص کو ذکر جہر تعلیم فرمایا ۔ اس نے کہا کہ ذکر جہر میں تو ریا ہے ۔ فرمایا کہ ذکر جہر سے زیادہ ریا تو ذکر خفی میں ہے ، کیونکہ جہر میں تو لوگ یہ سمجھیں گے لا الھ الا اللہ یوں ہی کہہ رہا ہے جو ہم بھی کر سکتے ہیں اور ذکر خفی میں یہ سمجھیں گے کہ آسمان زمین عرش کرسی کی سیر کر رہا ہے ۔ اس میں تو اور ریا ہے ۔ ( 100 ) عارف کا ہر کام رضائے حق کے لئے ہوتا ہے : حضرت حاجی صاحب فرماتے تھے کہ میں عطر لگاتا ہوں تو حق تعالی کی خوشنودی کے لئے اور ٹھنڈا پانی پیتا ہوں تو اس لئے کہ اس سے اچھی طرح سے رگ و ریشہ سے حق تعالی کا شکر ادا ہو جاتا ہے ۔ ( 101 ) تجلیات میں دھوکہ بھی ہو جاتا ہے : فرمایا کہ ایک بزرگ نے تجلی روحانی کو تجلی حق سمجھ کر ایک مدت تک اس کی پرستش کی ۔ بعد کو معلوم ہوا کہ یہ تجلی حق کی نہیں ہے ۔ آخرکار انہوں نے اس سے توبہ کی اور فرمایا کہ اسی وجہ سے عارفین نے الوان کی جانب توجہ کرنے سے منع کیا ہے کہ طالب حق دھوکہ میں آ کر غیر حق کو حق سمجھ جاتا ہے ۔ ( 102 ) بات ٹوکنا بد تہذیبی ہے : ایک شخص نے مسئلہ دریافت کرنے میں الٹ پلٹ باتیں کرنی شروع کیں ۔ فرمایا کہ تم نے کہیں آدمی کی صحبت نہیں اٹھائی ہے ورنہ اس طور سے باتیں بے محل نہ کہتے ۔ پہلی بات تو تمام ہونے دو درمیان سے بات کو مت کاٹو ، یہ خلاف تہذیب ہے ، اس کے بعد جو کہنا ہو کہو ۔