شرح شافیہ ابن حاجب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حالات مصنف
نام و نسب:
نام عثمان ،کنیت ابو عمرو،لقب جمال الدین،اور مشہور ابن الحاجب کے نام سے ہیں۔حاجب دربان کو کہتے ہیں کیونکہ ان کے والد امیر عز الدین موسک کے ہاں دربان تھے اس لیے آپ کو ابن الحاجب کہا جانے لگا۔والد کا نام عمر تھا ۔سلسلہ نسب یوں ہے:جمال الدین ابو عمرو عثمان بن عمر بن ابو بکر بن یونس الدوینی رحمہ اللہ تعالی۔
سنہء ولادت:
صعید مصر میں ایک اسنا نامی بستی ہے ،آپ اس بستی میں سنہء ٥٧٠ھ کے آخر میں پیدا ہوئے۔
تحصیل علم:
ابتدائی تعلیم قاہرہ میں حاصل کی ،صغر سنی میں قرآن پاک حفظ کیا ،علامہ شاطبی سے قرات کی تحصیل کی اور التیسیر کا سماع کیا ،اس کے علاوہ فقہ اور اصول فقہ کی تعلیم امام مالک رحمہ اللہ کے مذہب پر ،شیخ ابو منصور ابیاری سے ،اور علم ادب ابن البنا ء سے حاصل کیا۔