حیلے بہانے - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اور جن علاقوں میں رہنا سہنا ہوا وہاں کے لوگوں سے جومعلوم ہوئیں ان میں سے جو باتیں یاد آتی چلی گئیں وہ ہم نے اس رسالہ میں جمع کردی ہیں اور ان کاباطل ہونا بھی ظاہر کردیا ہے۔ ان کے علاوہ خداجانے اور کتنے حیلے اور بہانے ہوں گے جنہیں مختلف علاقوں میں لوگوں نے اپنی بے عملی کاذریعہ بناکر رکھا ہوگا، ان سب کاباطل ہونا انہیں جوابات میں غور کرنے سے ان شاء اللہ واضح ہوجائے گا جو ہم نے اس رسالہ میں لکھ دیے ۔ جوابات تو فروعی باتوں کے ہیں لیکن اثنائے بیان میں ایسی اصولی باتیں الحمد للہ! زیر قلم آگئی ہیں جن کوسامنے رکھ کر دوسرے حیلوں اور بہانوں کے جوابات بھی دیے جاسکتے ہیں۔ جولوگ گناہوں میں مبتلا ہیں ان سے درخواست ہے کہ گناہوں کوچھوڑ یں اور نفس کو ان کے چھوڑنے پر آمادہ کریں۔ آخرت کی فکر کریں، اور موت کے بعد کامراقبہ کریں۔ یہ زندگی چند روزہ ہے ختم ہوجائے گی، آخر مرنا ہے اور قبر کے پیٹ میں جانا ہے، پھر میدانِ آخرت میں حساب دینا ہے۔ نفس کو سمجھا بجھا کر گناہ چھوڑنے پر آمادہ کریں اور گناہوں سے توبہ کریں۔ اگر کم ہمتی کی وجہ سے نفس جلدی قابو میں نہ آئے اور سب گناہ چھوڑنے میں دیر لگے تو آہستہ آہستہ یکے بعد دیگر ے گناہوں کو ترک کرتے جائیں اور اپنے کو گناہ گار سمجھتے ہوئے اِستغفار کرتے رہیں۔ نفس وشیطان کے سمجھائے ہوئے حیلوں اور بہانوں کوسامنے رکھ کر اپنے کو آخرت کے مواخذہ سے بری نہ سمجھیں اور گناہ گار ہوتے ہوئے اپنے کو نیک لوگوں میں شمار نہ کریں۔ درحقیقت گناہ کااقراری ہونا بھی بہت بڑی چیز ہے۔ جو گناہ کااقراری ہوگا ان شاء اللہ کبھی تو توبہ کرہی لے گا، اور جسے گناہ کااقرار ہی نہ ہو وہ کبھی توبہ نہ کرے گا اور بغیر توبہ ہی مرجائے گا۔ بہانے شیطان اس لیے سجھاتا ہے کہ لوگوں کو توبہ کرنے کی توفیق نہ ہو، اپنے دشمن کودشمنی میں کامیاب ہونے کا کبھی موقع نہ دیں اُسے رسوا کریں، اور اس کو کوششوں کو فیل کرتے رہیں۔ اَللّٰھُمَّ أَرِنَا الْحَقَّ حَقًّا وَّارْزُقْنَا اتِّبَاعَہٗ، وَأَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلاً وَّارْزُقْنَا اجْتِنَابَہٗ۔ رَبَّنَّا لاَ تُؤَاخِذْنَا اِنْ نَّسِیْنَا أَوْ أَخْطَاْنَا۔ رَبَّنَا وَلاَ تَحْمِلْ عَلَیْنَا إِصْرًا کَمَا حَمَلْتَہٗ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِنَا۔ رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلْنَا مَا لَا طَاقَۃَ لَنَا بِہٖ وَاعْفُ عَنَّا وَاغْفِرْلَنَا وَارْحَمْنَا أَنْتَ مَوْلاَنَا فَانْصُرْنَاعَلَی الْقَوْمِ الْکٰفِرِیْنَ۔(آمین) وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلٰی سَیِّدِ رُسُلِہٖ مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ وَأَصْحَابِہٖ أَجْمَعِیْنَ، وَعَلٰی مَنْ تَبِعَھُمْ بِإِحْسَانٍ إِلٰی یَوْمِ الدِّیْنِ۔ …٭٭٭…