حیلے بہانے - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
پاسپورٹ بنائیں۔سب مسلمان اپنے مذہب پر جمیں توپوری دنیا بھی اطاعت کرے گی : سب مسلمان ممالک آپس میں اس پر عمل کریں اور بغیر فوٹو کا پاسپورٹ آپس میں تسلیم کریں،جب اس پر جمیں گے اور سب مل کر یہ اعلان کردیں گے کہ ہمارے یہاں پاسپورٹ بغیر تصویر کے ہوگاکیوں کہ ہمارے نبی پاک ہادیٔ عالمﷺ نے تصویر کشی سے منع فرمایا ہے تو بین الاقوامی دنیا بھی اس کو تسلیم کرے گی، کیوں کہ سب جان لیں گے کہ یہ لوگ اپنے دین سے مجبور ہیں۔ دیکھو !سکھ قوم دنیا میں جہاں بھی ہے اس کی خوب بڑی بڑی ڈاڑھیاں ہیں اور پگڑی باندھنے کو لازم سمجھتے ہیں، دنیا کی قوموں کومعلوم ہے کہ یہ قوم اپنے مذہب کی پابند ہے اس لیے سب ان کا لحاظ کرتے ہیں وہ فوجوں میں بھی ہیں اور پولیس میں بھی ہیں لیکن وردی میں ان کو مستثنیٰ کیاجاتا ہے، دوسری قوموں کے سپاہی وردی میں پگڑی نہیں باندھ سکتے لیکن سکھ پگڑیاں باندھے ہوئے فوجوں میں بھی شامل ہیں اور حکومتوں کے دوسرے محکموں میں اپنی پگڑی باندھے ہوئے کام کرتے ہیں، ان کو کوئی بھی مجبور نہیں کرتا کہ پگڑیاں اتار دو اور دوسری قوموں کی طرح وردی میں رہو۔ اگر ہم اپنے دین پر مضبوط ہوں تو ساری دنیا کی قومیں ہماری مذہبی مضبوطی کو دیکھ کر ہمارے لیے ایسے قوانین بنانے پر مجبور ہوں گی جو ہمارے دین کے مخالف نہ ہوں۔ اسی طرح سے جو مسلمان حکمران ہیں ان پر لازم ہے کہ بغیر تصویر کا نوٹ شائع کریں، لیکن چوں کہ مسلمان حکمران غیر قوموں کی دیکھا دیکھی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے فوٹو کو لازم قرار دے چکے ہیں اور نوٹ بھی بغیر تصویر کے نہیں چھاپتے اس لیے مجبوراً فوٹوکھنچوانا پڑتا ہے اور نوٹ استعمال کرنے ہوتے ہیں۔حالت ِاضطرار واختیار میں فرق : مجبوری میں کسی کام کاجائز ہونا اور بات ہے اور بغیر مجبوری کے اس کو اختیار کرنا دوسرا امر ہے۔ مجبوری والی چیز پر بغیر مجبوری کی چیز کو قیاس کرنا قیاسِ باطل ہے ۔ دیکھو! جب بھوک کی وجہ سے جان جارہی ہو تو مردار کاگوشت بھی کھانا جائز ہے وہ بھی چند لقمے جس سے جان بچ جائے ، اس موقع پر بھی پیٹ بھر کھانا جائز نہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ بغیر مجبوری کے مردار کھانے کی ذرا بھی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اب اگر کوئی شخص مردار کھائے اور یوں کہے کہ جوشخص بھوک سے مررہا ہو چوں کہ اسے مردار کھانے کی اجازت ہے اس لیے میں بلامجبوری بھی کھاتا ہوں تو ایسے شخص کو سب احمق اور جاہل کہیں گے۔ جب پاسپورٹ، شناختی کارڈ کی مجبوری نہ ہو تو لہو ولعب کے طور پر فوٹو کھنچوانا اور اس کو آرٹ سمجھنا اور ممانعت کی احادیث ِشریفہ پیش کرنے والے کو دقیانوسی قرار دینا اور اس کو مذاق بنانا کہاں تک درست ہو سکتا ہے؟ اپنے ایمان سے فیصلہ لے لیں۔