ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
ایک شخص کے بارے میں فرمایا معلوم ہوتا ہے محنت نہیں کرتے اب چاہا ذکر و شغل کر کے بزرگ بن جاؤ یہ نفس کی شرارت ہے - اگر کسی طالب علم کی کتابیں قریب ختم ہو جائے کوئی بزرگ نہیں جانتا اور یہاں چند روز رہیں تو اس وقعت اور بزرگی ہوتی ہے دعوتیں ہوتی رہتی ہیں اور وہاں اگر پورا عالم بھی ہو جائے کوئی نہیں پوچھتا کرو اور کھاؤ ـ حضرت گنگوہیؒ کی محبت کا اثر ملفوظ 97 ـ فرمایا ہمارے مجمع میں یہ بات مشہور تھی کہ حضرت گنگوہیؒ کو جس سے محبت ہو جاتی اس کا انتقال ہو جاتا تھا ـ اللہ تعالی یہ نہیں چاہتے کہ اپنے خاص بندے کا تعلق کسی اور سے ہو اگر طبعی طور پر ہو جاتی تھی تو اس کی خاصیت یہ تھی کہ وہ بچتا نہ تھا ـ ایک عوامی اعتقاد ملفوظ 98 ـ فرمایا عوام اللہ تعالی کو بزرگوں کے تابع سمجھتے ہیں جو یہ کہہ دیں گے وہی اللہ تعالی کر دیں گے ـ فہم اور عبادت ایک چیز نہیں ملفوظ 99 ـ فرمایا فہم اور چیز ہے عبادت اور چیز ہے بعض لوگ عابد ہوتے ہیں تہجد گزار مگر فہم نہیں ہوتا ـ بات کرنے کا ادب ملفوظ 100 ـ ارشاد فرمایا جو کوئی کہتا ہے " جیسے آپ کی مرضی ،، اس سے بات کرنے کی جی نہیں چاہتا اس سے مجھ کو بہت تکلیف ہوتی ہے لوگ اس کو ادب سمجھتے ہیں گویا میرا کام ہے میرے اوپر بار کیوں ڈالا جائے ـ بلکہ ادب یہ ہے کہ اپنی رائے ظاہر کر کے کہہ دے میری رائے یہ ہے باقی جیسے آپ کی مرضی ہو ـ عقل کا ہیضہ اور عقل کا قحط ملفوظ 101 ـ فرمایا یہ تو مجھے ہیضہ ہوا عقل کا ، یا لوگوں کو قحط ہوا عقل کا اور دونوں مرض ہے برا ، ہیضہ بھی برا اور قحط بھی برا ـ