ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
عمل حرام ملفوظ 48 ـ پنجاب سے ایک بہت لمبا چوڑا خط آیا تھا ـ سب کا خلاصہ یہ تھا کہ میری اشرفیاں گم ہو گئ ہیں وہ بتا دو اور چند شخصوں کے نام لکھے تھے کہ میرا ان پر شبہ ہے حضرت والا نے جواب میں فرمایا کہ میں عامل نہیں ہوں اور اس عمل کو حرام بھی سمجھتا ہوں ـ پیر زادگی کا اثر کبھی ختم نہیں ہوتا ملفوظ 49 ـ فرمایا کہ حضرت مولانا گنگوہیؒ اکثر پیر زادوں کو بیعت نہیں کرتے تھے ـ اور فرمایا کرتے تھے کہ بھائی پیر زادوں میں سے کبھی پیر زادگی کا اثر نہیں جائے گا یہ چھوٹنا بہت مشکل ہے پھر ہمارے حضرت نے فرمایا کہ حضرت مولانا بہت ہی بڑے دانشمند تھے ـ شوکت اسلامی ملفوظ 50 ـ فرمایا کہ بادشاہوں کو شوکت کی ضرورت ہے اور درویشوں کی ضرورت نہیں ہے چونکہ وہاں اگر شوکت نہ ہو تو آفت برپا ہو جائے گی اور یہاں کیا نقصان ہو گا ـ لہذا جن لوگوں کو انتظامی امور سے تعلق ہے وہ ہمیشہ اس کا خیال رکھتے ہیں کہ شوکت بھی ہو کیونکہ بدون اس کے انتظام عالم نہیں ہو سکتا ـ مگر شوکت اسلامی وہ چیز ہے کہ شوکت دنیا اس کے سامنے گرد ہے ہیچ ہے حضرت گنگوہیؒ بالکل سادے رہتے تھے ـ مگر لوگوں کی ہمت بھی نہیں ہوتی تھی کہ سامنے بات کر سکیں ـ لیکن حضرت کی خدمت میں بیٹھنے سے سوالات خود بخود حل ہو جایا کرتے تھے ـ فرمایا کہ میں نے ایک روز عرض کیا کہ اگر باطن کے متعلق مجھے کوئی ضرورت ہوا کرے تو میں دریافت کر لیا کروں ـ فرمایا کہ اچھا اس کے بعد صرف ایک بار ایک بات پوچھی پھر مجھے تمام عمر کسی سوال کا وسوسہ بھی نہیں ہوا ـ خواب کی تعبیر ملفوظ 51 ـ 8 رجب 38 ھ ایک صاحب کا خط آیا تھا اس میں منجملہ اور امور کے یہ بھی لکھا تھا کہ والد صاحب کا انتقال ہو گیا ہے اسی روز سے برابر قرآن شریف پڑھ کر بخش رہا ہوں اور ان کے کپڑے بھی سب خیرات کر دیئے ـ مگر والد صاحب کو خواب میں دیکھا کہ